سکندرآباد کے اسکراپ گودام میں مہیب آتشزدگی، 11 مزدور ہلاک

,

   

چیف منسٹر کے سی آر کا اظہار رنج، ورثا کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان
نعشوں کو بہار منتقل کرنے چیف سکریٹری کو ہدایت، وزیر اعظم کی جانب سے بھی 2 لاکھ کی امداد

حیدرآباد : /23 مارچ (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ نیوبھوئی گوڑہ میں ایک اسکراپ کے گودام میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں بہار سے تعلق رکھنے والے 11 مائیگرینٹ ورکرس ہلاک ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور آج دوپہر تک راحت و امدادی کاموں کا سلسلہ جاری رہا ۔ تفصیلات کے مطابق دلسکھ نگر سے تعلق رکھنے والا سمپت نامی اسکراپ کا تاجر شراون ٹریڈرس کے نام سے اسکراپ گودام چلاتا ہے اور اس نے گودام میں کام کرنے کیلئے بہار سے تعلق رکھنے والے مائیگرینٹ مزدوروں کو ملازمت پر رکھا اور اس نے ان کا اسی گودام میں رہائش اور باورچی خانہ کا بھی انتظام کیا تھا ۔ مہلوک مزدوروں کا تعلق بہار کے ضلع چھاپرا اور خیرا سے ہے ۔ رات دیر گئے 2.45 بجے گودام میں اچانک آگ لگ گئی اور وہاں پر موجود مزدور آگ میں پھنس گئے ۔ اسکراپ کی اشیاء میں آگ لگنے کے نتیجہ میں دھواں اور گرمی اتنی شدت کی تھی کہ جس کے نتیجہ میں وہاں کی برقی مسدود ہوگئی اور مزدوروں کو وہاں سے بچ نکلنے کا موقع نہیں ملا چونکہ اسپائرنگ آہنی سیڑھیاں تھیں اور اسی سمت سے آگ بھڑکنے لگی اور وہ اندھیرے میں وہاں سے بچ نکلنے میں ناکام رہے ۔ اسی دوران مزدوروں کے باور چی خانہ میں موجود گیاس سیلنڈر بھی پھٹ پڑا جس کے نتیجہ میں آگ میں مزید شدت پیدا ہوگئی اور سیلنڈر کا ریگولیٹر 50 فٹ اونچائی پر جاگرا ۔ جملہ 12 مزدوروں میں سے ایک مزدور جس کی شناخت پریم کی حیثیت سے کی گئی ہے اس نے بڑی مشکل سے پڑوس کی عمارت پر چھلانگ لگادی جس میں شدید زخمی ہوگیا اور وہ زخمی حالت میں سڑک پر موجود ایک ٹی اسٹال کے قریب پہنچ کر بے ہوش ہوگیا ۔ اچانک اسکراپ گودام سے دھواں نکلنے اور آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجہ میں اسی علاقہ میں واقع ایک ٹمبر ڈپو کے سیکوریٹی گارڈ نے اس منظر کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ نائٹ ڈیوٹی میں موجود اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عابڈس ڈیویژن وینکٹ ریڈی اپنی ٹیم کے ہمراہ پہنچ گئے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور اپنی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کا پتہ لگایا کہ اسکراپ گودام کے اطراف و اکناف پلاسٹک کی اشیاء موجود ہے اور آگ اسے اپنی لپیٹ میں لینے پر مزید نقصان ہوسکتا ہے ۔ کچھ ہی دیر میں شہر کے مختلف فائر اسٹیشنوں سے وابستہ 8 فائرانجن وہاں پہنچ گئے اور زخمی مائیگرینٹ ورکر پریم کی مدد سے دیگر مزدوروں کی تمام تفصیلات اکٹھا کئے اور اسکراپ گودام کے عقبی شٹر کو دیکھ کو فائرانجن عملہ اندر داخل ہوا ۔ اسی دوران پولیس اور فائر انجن عملہ کو ایک کے اوپر ایک پڑی ہوئی 11 مائیگرینٹ مزدوروں کی انتہائی جھلسی ہوئی حالت میں نعشیں دستیاب ہوئیں ۔ ان نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ۔ آگ میں مزید شدت پیدا ہونے اور آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے کے نتیجہ میں پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند اور ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون چندنا دیپتی وہاں پہنچ گئے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا ۔ پولیس نے 11 مائیگرینٹ مزدور کی شناخت کرلی ہے جن میں 36 سالہ دیپک رام ، 21 سالہ بٹو کمار ، 40 سالہ سکندر رام کمار ، 22 سالہ سی ایچ رام عرف گلو ، 38 سالہ ستیندر کمار ، 35 سالہ ڈوگرا رام کمار ، 27 سالہ سنتوکمار ، 27 سالہ دامودھر ، 25 سالہ راجیش کمار ، 26 سالہ پنکج کمار اور 22 سالہ راجیش شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والا مائیگرینٹ مزدور بٹو کمار کی اپریل /18 کو شادی مقرر کی گئی تھی ۔ جائے حادثہ پر ریاستی وزیر داخلہ محمود علی بھی پہنچے تھے کہ متاثرہ مزانائن فلورنگ کا ایک بڑا حصہ اچانک نیچے گرپڑا ۔ جائے حادثہ پر ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار ، ریاستی وزیر پی سرینواس یادو اور دیگر عہدیدار بھی پہنچ گئے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثا کو فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو نعشوں کی بہار منتقلی کے انتظامات کی بھی ہدایت دی۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور ورثا کو فی کس 2 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ پولیس گاندھی نگر نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ متاثرہ گودام کو جی ایچ ایم سی حکام نے مکمل طور پر منہدم کردیا ۔ ب

آتشزدگی واقعہ پر گورنر کا اظہار رنج ، پوڈوچیری سے رابطہ
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے سکندرآباد کے بھوئی گوڑہ علاقہ میں اسکراپ گودام میں آتشزدگی واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں بہار سے تعلق رکھنے والے 11 مزدوروں کی موت واقع ہوئی ہے۔ گورنر سوندرا راجن جو پوڈوچیری کے دورہ پر ہیں راج بھون کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ر
گورنر نے کہا کہ انہیں حادثہ میں مزدوروں کی ہلاکتوں سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ گورنر نے ریاستی حکومت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ پوڈوچیری میں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گورنر نے فوری راج بھون سے ربط قائم کیا۔ ر