متحدہ طور پر کام کرنے تلقین،8 اپریل کو نامپلی اسمبلی حلقہ میں مہم
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا ہے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی جو لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کے انچارج ہیں ، انہوں نے حلقہ کے امیدوار دانم ناگیندر اور دیگر قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں سکندرآباد کے 7 اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی مہم کی حکمت عملی طئے کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 6 اپریل کو تکو گوڑہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا اور تلنگانہ کے تمام لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کیڈر متحرک ہوجائے گا ۔ انہوں نے قائدین سے اپیل کی کہ جلسہ عام میں کارکنوں کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حلقہ کے تمام قائدین کو بہتر تال میل اور اتحاد کے ساتھ کام کرنا چاہئے تاکہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہو۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 8 اپریل کو اسمبلی حلقہ جات کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا۔ پہلا اجلاس نامپلی میں منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جس کی ذمہ داری نامپلی انچارج فیروز خاں کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے قائدین کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ سکندرآباد میں دو لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے مایوس ہوئے بغیر کارکنوں کو متحرک ہونا چاہئے ۔ کانگریس حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور تلنگانہ میں 13 تا 14 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس امیدوار کامیاب رہیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر کی حیثیت سے کشن ریڈی نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ اجلاس میں انجن کمار یادو ، روہن ریڈ ی ، وجیا ریڈی ، محمد فیروز خاں ، ایم اے حکیم اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1