حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کے پراجکٹس کی تکمیل میں ریاستی حکومت رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ ریاست کے عدم تعاون کے نتیجہ میں پراجکٹس کی تکمیل میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب سکندرآباد تا بنگلور وندے بھارت ریل کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے پراجکٹس کیلئے اراضی کے حصول میں ریاستی حکومت کا تعاون حاصل نہیں ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پارکنگ کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی گئی لیکن ریاستی حکومت نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ چرلہ پلی کنکٹویٹی روڈ کے علاوہ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کے کاموں کا 2024 میں آغاز کیا جائے گا۔ یادادری تک ایم ایم ٹی ایس کے علاوہ دیگر پراجکٹس کی تکمیل میں تلنگانہ حکومت کا رویہ عدم تعاون کا ہے۔