حیدرآباد۔ 28 مئی ( سیاست نیوز ) یکم جون سے خصوصی ٹرینوں کے ساتھ ، ساؤتھ سینٹرل ریلوے نے سکندرآباد اسٹیشن پر کمپیوٹرائزڈ تھرمل اسکریننگ مشینیں نصب کی ہیں تاکہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کی جانچ کی جاسکے۔دستی اسکریننگ کے برعکس یہ اسکریننگ مشینیں تیزی سے درجہ حرارت کا پتہ لگائیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ دستی آلات ہر مسافر کو اسکین کرنے میں کافی وقت لگاتے ہیں ، کیونکہ خصوصی ٹرینوں کا کام شروع ہونے کے بعد ہزاروں افراد کے اسٹیشن پہنچنے کی توقع ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ مسافرین کو پریشانی سے پاک بورڈنگ فراہم کرنے ، ہم نے یہاں دو کمپیوٹرائزڈ تھرمل اسکریننگ مشین لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رہنما خطوط کے مطابق ریل میں سوار ہونے سے پہلے اسکریننگ کی ضرورت ہے اور صرف ان مسافروں کو ٹرین میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن میں کورونا کی علامت نہ پائی جائیں۔ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے پر مسافروں کو وہاں کے صحت کے پروٹوکول پر عمل پیرا ہونا پڑے گا اور قرنطینہ کی مدت پوری کرنا قواعد میں شامل ہے۔ تھرمل اسکریننگ کے علاوہ مسافروں کو ماسک پہننے کے ساتھ لازمی طور پر جسمانی فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہوگا۔
