سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم کے ٹکٹ میں اضافہ ،50 روپئے مقرر

   

اسٹیشن ٹکٹ آر ٹی سی بسوں اور لوکل ٹرینوں میں سفر سے دو تا تین گنا اضافہ

حیدرآباد : سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کا پلیٹ فارم ٹکٹ مسافرین پر اضافی بوجھ ثابت ہورہا ہے۔ یہاں تک کہ آر ٹی سی بسوں اور لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے کے جو چارجس وصول کئے جارہے ہیں اس سے دو تا تین گنا زیادہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی فیس وصول کی جارہی ہے۔ دور دراز مقامات سے شہر پہونچنے والے رشتہ داروں کو اسٹیشن سے گھر لانے کے لئے جانے والوں کو اور عید و تہواروں کے علاوہ دوسرے تقاریب کے لئے گھر کے افراد بالخصوص بیوی بچوں کو اپنے آبائی گاؤں یا دوسرے مقامات کے لئے روانہ کرنے ریلوے اسٹیشنس جانے والوں کو پلیٹ فارم کا ٹکٹ اضافی مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ گھروں سے کم خرچ پر اسٹیشن کو پہونچنے کے باوجود ریلوے اسٹیشن کے اندر داخل ہونے کے لئے پلیٹ فارم ٹکٹ کے لئے 50 روپئے ادا کرنا پڑرہا ہے۔ دو سال قبل ریلوے اسٹیشن میں عوام کا ہجوم بڑھ جانے کا بہانہ کرتے ہوئے پلیٹ فارم ٹکٹ کو 10 روپئے سے بڑھاکر 30 روپئے کردیا گیا۔ اب اس میں مزید 20 روپئے اضافہ کرتے ہوئے 50 روپئے کردیا گیا ہے جس سے مسافرین کو ریلوے اسٹیشن سے لینے اور چھوڑنے والوں کے لئے سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ ایم ایم ٹی ایس ریل ٹکٹ سے 5 گنا زیادہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم کا ٹکٹ وصول کیا جارہا ہے جس سے عوام میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ مثال کے طور پر سکندرآباد اسٹیشن سے بورا بنڈہ، ہائی ٹیک سٹی، دبیرپورہ، یاقوت پورہ، اپو گوڑہ، حفیظ پیٹ کے لئے ایم ایم ٹی ایس سکینڈ کلاس کے ٹکٹ کی قیمت 5 روپئے ہے۔ ماہانہ سیزنل ٹکٹ کی قیمت 150 روپئے ہے۔ لنگم پلی تا فتح نگر، نیچر کیور ہاسپٹل، بیگم پیٹ، سنجیویا پارک، نیکلس روڈ کے لئے 5 روپئے کا ٹکٹ ہے۔ جبکہ ماہانہ سیزنل ٹکٹ کی قیمت 150 روپئے ہے۔ ایم ایم ٹی ایس کا سب سے مہنگا ٹکٹ 15 روپئے ہے جبکہ سکندرآباد پلیٹ فارم کا ٹکٹ 50 روپئے وصول کیا جارہا ہے۔