مسافرین کی جانچ ، تمام مسافروں کے ہاتھوں پر قرنطینہ کا اسٹامپ ، قواعد پر سختی سے عمل کی ہدایت
حیدرآباد۔13مئی (سیاست نیوز) 50 سے زائد دن بعد سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کی آمد ہوئی اور سکندرآباد اسٹیشن سے مسافرین دہلی کے لئے روانہ ہوئے۔ بنگلور سے دہلی جانے والی خصوصی ٹرین کے ذریعہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچنے والے مسافرین کو ان کے ہاتھ پر اسٹامپ لگاتے ہوئے انہیں گھروں میں قرنطینہ ہونے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ قرنطینہ کی مدت کی تکمیل سے پہلے گھروں سے نہ نکلیں اور نہ ہی لوگوں کے درمیان گھل مل کر رہنے کی کوشش کر یں۔ بنگلورو سے سکندرآباد پہنچنے والی ٹرین میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 243 مسافرین تھے جنہیں تشخیص کے بعد گھروں میں قرنطینہ رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریلوے کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے والوں کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے مقام پر پہنچنے کے بعد از خود قرنطینہ کو یقینی بنائیں ۔ بنگلورو سے سکندرآباد اسٹیشن پہنچنے والے 243 مسافرین کے درجہ حرارت کی جانچ کے بعد انہیں ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی اور ٹرین کی آمد سے قبل ریلوے اسٹیشن پر محکمہ ریلوے کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے تھے اور جن مسافرین کی ٹکٹ مصدقہ تھی اور سیٹ محفوظ تھی صرف ان مسافرین کو ہی ریلوے اسٹیشن میںداخل ہونے دیا گیا اور سکندرآباد اسٹیشن سے روانہ ہونے والے مسافرین کے لئے علحدہ قطار اور بنگلور سے سکندرآباد پہنچنے والے مسافرین کے لئے علحدہ قطار لگائی گئی تھی اور قطار میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی متعدد مرتبہ تاکید کی جا رہی تھی۔
کئی دنوں بعد سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کے ساتھ ٹرین کی آمد اور مسافرین کی روانگی کی سرگرمیوں کے سبب حالات معمول پر جاتے نظر آرہے ہیں لیکن مسافرین کو قرنطینہ میں چلے جانے کی تاکید کے سبب ایسا ممکن ہونے کے امکانات موہوم ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزمی حکومت کے اس فیصلہ کو واپس لینے کے لئے کسی بھی وقت دباؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے اسی لئے ٹرین کی اس خصوصی خدمات کو کوئی بھی مستقل قرار نہیں دے رہا ہے اور نہ ہی اس بات کا یقین ہے کہ ٹرین خدمات مسلسل جاری رہیں گی۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 10 پر دہلی روانہ ہونے والی ٹرین کی آمد کے ساتھ ہی اسٹیشن پر چہل پہل کا آغاز ہوگیا اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے 288 مسافرین دہلی کے لیے روانہ ہوئے اور ان مسافرین کو دو گھنٹے قبل ریلوے اسٹیشن پہنچنے کے لئے کہا گیا تھا تاکہ انہیں جانچ کروانے کے علاوہ لگیج پر جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔مسافرین نے ریلوے کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے مناسب انتظامات کئے گئے تھے اور بہتر کھانا فراہم کیا گیا ہے۔ سکندرآباد اسٹیشن سے دہلی کے لئے روانہ ہونے والے 288 مسافرین کو مکمل جانچ کے بعد ہی ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت دی گئی اور انہیں سفر کے دوران ماسک لگائے رکھنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی