چنڈی گڑھ: سکھبیر سنگھ بادل کو شرومنی اکالی دل کا صدر دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ انتخاب امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کمپلیکس کے اندر واقع تیجا سنگھ سمندری ہال میں ہفتہ کے روز منعقد پارٹی کے تنظیمی انتخابات کے دوران متفقہ طور پر عمل میں آیا۔ قائم مقام صدر بلوندر سنگھ بھونڈر نے ان کے نام کی تجویز دی, جسے پارٹی کے 524 نمائندوں نے اتفاق رائے سے قبول کیا۔ سکھبیر سنگھ بادل نے پہلی مرتبہ 2008 میں اپنے والد پرکاش سنگھ بادل کے بعد صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اور 2024 تک پارٹی کی قیادت کرتے رہے۔ تاہم، گزشتہ سال مذہبی سزا کے باعث انہوں نے 16 نومبر 2024 کو استعفیٰ دے دیا تھا، جب اکال تخت نے انہیں تنکھا یعنی قصوروار قرار دیا تھا۔ اکال تخت کے جتھیدار گیانی رگھبیر سنگھ کی جانب سے 2 دسمبر 2024 کو جاری ہدایت میں کہا گیا تھا کہ سکھبیر بادل اور اس وقت کی قیادت شرومنی اکالی دل کی سربراہی کے لیے نااہل ہیں۔ اس کے بعد شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی نے جتھیدار کو برطرف کر کے ان کی جگہ جتھیدار کلدیپ سنگھ گرگج کو مقرر کیا۔