سکھبیر سنگھ بادل سمیت کئی اکالی قائدین حراست میں

   

موہالی، 2 جولائی (یو این آئی) شرومنی اکالی دل کے صدر اور سابق نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں کو بدھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ مسٹر بادل اور ان کا وفد مبینہ طور پر موہالی کورٹ کمپلیکس جا رہے تھے جہاں ان کے بہنوئی اور سینئر اکالی لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا کو ویجیلنس بیورو کی تحویل میں سات دن کے ریمانڈ کے بعد پیش کیا جانا تھا۔ بادل کے ساتھ جانے والوں میں پنجاب کے سابق وزیر سکندر سنگھ ملوکا، اکالی ترجمان پرمبنس سنگھ بنٹی رومانا، یوتھ اکالی دل کے صدر سربجیت سنگھ جھنجر اور پارٹی کے کئی کارکنان شامل تھے ۔ ان کے قافلے کو پولیس فورس نے روکا اور بادل کے اس دعوے کے باوجود کہ وہ پیدل گرودوارہ امب صاحب کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، سبھی لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا اور قریب ہی کھڑی پولیس بسوں میں لے جایا گیا۔ اکالی لیڈروں نے کہا کہ وہ گردوارہ میں خراج عقیدت پیش کرنے جا رہے ہیں۔ مجیٹھیا کی عدالت میں پیشی پر سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان، افسران نے اس کے برعکس مشورہ دیا تھا۔