سکھوں کی مذہبی کتاب کی مبینہ توہین19 سالہ لڑکے کا پیٹ پیٹ کر قتل

   

چندی گڑھ: پنجاب میں مبینہ طور پر مذہبی کتاب کے اوراق پھاڑنے پر ایک 19 سالہ لڑکے کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ اخبار ٹیلیگراف کے مطابق واقعہ ریاست پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیش آیا۔ بتایا گیاکہ تلی غلام گاؤں کے رہائشی بخشیش سنگھ نے مبینہ طور پر بنڈالہ گاؤں کے ایک گردوارے میں جا کر سکھوں کی مذہبی کتاب گرو گرنتھ کے چند صفحات کو پھاڑا تھا۔مقتول کے والد لکھوندر سنگھ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا ذہنی توازن درست نہ تھا اور اْس کا علاج کیا جا رہا تھا۔پولیس نے مقتول کے خلاف مذہبی توہین کا مقدمہ درج کیا ہے۔ تاہم بخشیش سنگھ کے والد نے پولیس کو درخواست دی کہ اْن افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے جنہوں نے اْن کے بیٹے کو تشدد کر کے قتل کیا۔پولیس حکام کے مطابق بخشیش سنگھ نے مذہبی کتاب کے صفحات پھاڑنے کے بعد وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی۔گردوارے میں موجود افراد نے لڑکے کو پکڑ لیا اور جیسے ہی مذہبی توہین کی خبر گاؤں میں پھیلی وہاں لوگ اکھٹے ہو گئے اور بخشیش سنگھ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق بعد ازاں بخشیش سنگھ تشدد سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔