حیدرآباد 19 اگست ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت ایک نشست کیلئے سینئر قائد ٹی آر ایس جی سکھیندر ریڈی کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ۔ الیکشن آفیسر نرشسمہا چاریلو نے یہ اعلان کیا اور سکھیندر ریڈی کو آج سرٹیفیکٹ بھی حوالہ کیا ۔ آج پرچہ نامزدگی سے دستبراری کی آخری تاریخ گزر جانے کے بعد واحد ٹی آر ایس امیداور سکھیندر ریڈی کو سرٹیفیکٹ حوالہ کرنے کے موقع پر مسٹر جگدیش ریڈی ، وزیر تعلیم پرشانت ریڈی ، وزیرعمارات و شوارع رکن پارلمان لنگیا یادو ود یگر قائدین موجود تھے ۔ بعد ازاں سکھیندر ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہیں کونسل کیلئے کامیابی دلانے پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ انہیں دیئے گئے اس موقع سے عوام کی بہتر خدمات انجام دینے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔
