چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کی جانب سے اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔16اگسٹ(سیا ست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار برائے تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی تلنگانہ قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کے لئے بلا مقابلہ منتخب قرار پائے ہیں۔ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ارکان اسمبلی کے زمرہ کی مخلوعہ نشست جو کہ مسٹر کے یادو ریڈی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد سے خالی ہے پر انتخاب کیلئے جاری کردہ اعلامیہ کے بعد دو پرچۂ جات نامزدگی موصول ہوئے تھے جن میں ایک تلنگانہ راشٹرسمیتی کے امیدوار مسٹر جی سکھیندر ریڈی کے علاوہ شرماجیوی پارٹی کے امیدوار بھوجراج کوئیلکر کے پرچہ نامزدگی شامل تھے جن میں بھوجراج کوئیلکر کے پرچۂ نامزدگی کو آج تنقیح کے دوران مسترد کردیا گیا ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی اس نشست کے لئے کوئیلکر کے پرچۂ نامزدگی کو مسترد کردیئے جانے کے بعد اب کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے جس کے سبب مسٹر جی سکھیندر ریڈی کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہوچکا ہے بلکہ اب اس نشست پر رائے دہی کی ضرورت باقی نہیں ہے۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس ارکان اسمبلی کی خاطر خواہ تعداد موجود نہ ہونے کے باعث تلنگانہ راشٹر سمیتی کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی اس نشست پر مقابلہ کیلئے غور نہیں کیا اور تلنگانہ راشٹرسمیتی جی سکھیندر ریڈی کے بلا مقابلہ انتخاب کے سلسلہ میں پرامید تھی ۔ تلنگانہ چیف الکٹورل آفیسر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایاگیا ہے کہ اب اس نشست کیلئے تلنگانہ راشٹرسمیتی کے امیدوار کے علاوہ کوئی اور مقابلہ میں نہیں ہے لیکن ان کے باضابطہ بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان قوانین کے مطابق کیا جائے گا۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین نے جی سکھیندر ریڈی کو ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے طویل سیاسی تجربہ کو استعمال میں لاتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں عوام کی مؤثر نمائندگی کریں گے۔
