سکھ افسر کو خالصتانی کہنے پر بی جے پی کوملک سے معافی مانگنی چاہیے :عآپ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے آج کہا کہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں تعینات ایک سکھ آئی پی ایس افسر کو خالصتانی کہہ کر ان کی توہین کی ہے اور پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے ۔آپ کے دہلی ریاستی کنوینر اور کابینہ کے وزیر گوپال رائے نے آج کہا بنگال میں ڈیوٹی پر تعینات آئی پی ایس افسر کو خالصتانی کہہ کر بی جے پی لیڈروں نے ان کی توہین کی ہے ۔ بی جے پی کے لیڈروں نے عوامی طور پر اس آئی پی ایس افسر کو اس لئے خالصتانی کہا کیونکہ وہ ایک سکھ گھرانے میں پیدا ہوا تھا اور سر پر پگڑی باندھتا ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کے لیڈروں میں اوپر سے نیچے تک کس قسم کی نفرت کا نظریہ پیوست ہو چکا ہے ۔ رائے نے کہا کہ ہندوستان میں سکھ مذہب کے پیروکاروں کی ایک طویل تاریخ ہے ۔ اس ملک میں شہیدوں کی فہرست میں پنجابی سرفہرست ہیں۔ ایسے میں اپنی وراثت اور جدوجہد آزادی کی قربانیوں کو چھوڑ کر آج بی جے پی کے لیڈروں کو اقتدار کے گھمنڈ میں چور ہر ایک کو سرٹیفکیٹ بانٹتے ہوئے ملک بھر میں گھومنے کا حق مل گیا ہے ۔ ان کے لیے کوئی بھی غدار، دہشت گرد، خالصتانی یا نکسلائٹ بن جاتا ہے ۔ عام آدمی پارٹی بی جے پی کے لیڈروں کے اس رویے کی سخت مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بی جے پی کے لیڈر اس واقعہ کے لئے عوامی طور پر معافی مانگیں۔ ہندوستان کا ملک میں ذات، مذہب یا زبان کی بنیاد پر اس قسم کی توہین کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔