سکھ طبقے کے اسکول کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی اپیل

   

صدرنشین اقلیتی کمیشن سے سکھ نمائندہ شخصیتوں کی ملاقات
حیدرآباد۔ 6ڈسمبر (سیاست نیوز) سکھ طبقے کے ایک نمائندہ وفد نے آج صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین سے ملاقات کی اور سکھ لیگل سوسائٹی کے تحت اسکول کے قیام کے لیے 3 ہزار مربع گز اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ کمیشن کے رکن سردار سریندر سنگھ کی قیادت میں کرنل جگتیر سنگھ ملتانی انٹرنیشنل سکھ کنفیڈریشن چندی گڑھ، جتیندر سنگھ ریٹائرڈ ڈی جی ایم بی ایس این ایل و ایگزیکٹیو ممبر انٹر نیشنل سکھ کنفیڈریشن امرتسر، ہردیو سنگھ جنرل سکریٹری سکھ لیگل سوسائٹی تلنگانہ اور ربجوت سنگھ رکن سکھ لیگل سوسائٹی وفد میں شامل تھے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے بتایا کہ یہ معاملہ حکومت سے رجوع کیا گیا ہے جس میں کمیشن نے 3 ہزار مربع گزر اراضی الاٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ضروری قدم اٹھانے کا تیقن دیا۔ محمد قمرالدین نے سکھ وفد کو اقلیتی کمیشن کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ اس موقع پر نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور دوسرے موجود تھے۔ سکھ قائدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی جانب سے تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی کے لیے شروع کی گئی اسکیمات کی ستائش کی۔ پوسٹ میٹرک، پری میٹرک اسکالرشپ، اوورسیز اسکالرشپ، شادی مبارک، ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام اور سیول سرویس امتحانات کے لیے کوچنگ سنٹر جیسے اقدامات کی ستائش کی گئی۔ انہوں نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کو حرکیاتی شخصیت قرار دیا۔