سکھ قیدی سندیپ سنگھ پر ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا: خالصہ

   

چوک مہتا/امرتسر، 17 ستمبر (یو این آئی) دمدمی ٹکسا ل کے سربراہ اور سنت سماج کے سربراہ سنت گیانی ہرنام سنگھ خالصہ نے بدھ کو پٹیالہ جیل میں بند سکھ قیدی سندیپ سنگھ پر ہوئے وحشیانہ تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت اور جیل انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ سکھ قیدیوں پر ہونے والے ظلم برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندیپ سنگھ پر ہو رہا ظلم فوراً نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے اور اس کی پوری ذمہ داری حکومت اور جیل انتظامیہ پر ہوگی۔ سنت خالصہ نے بتایا کہ جیل کے اندر سندیپ سنگھ کو بے رحمی سے اس وقت پیٹا گیا جب اس کا تنازعہ پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دو انسپکٹرز سے ہوا، جو سکھ نوجوانوں کو فرضی مڈبھیڑوں میں مارنے کے معاملے میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ یہ کارروائی نہ صرف قانونی حدود کی بلکہ انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔