بجنور؍سہارنپور۔9 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو سہارنپور اور بجنور میں روڈ شو کر کے عوام سے پارٹی امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔کانگریس جنرل سکریٹری نے پہلے بجنور میں کانگریس لیڈر و بی ایس پی ایم ایل اے نسیم الدین صدیقی کے ساتھ روڈ شو کیا۔ پرینکا نے ہاتھ ہلا کر روڈکے کنارے کھڑے پارٹی کارکنوں اورحامیوں کے استقبال کا جواب دیا اور اپنے مسکراتے چہرے سے امیدوار کے حق میں ووٹنگ کرنے کی اپیل کی ۔روڈشو کے درمیان بی جے پی اور کانگریس کے کارکنوں میں آپسی ٹکراؤ بھی نظر آیا کچھ بی جے پی کارکنوں نے اس وقت مودی مودی کے نعرے لگائے اور پارٹی کے پرچم لہرائے جب کانگریس کارکن‘چوکیدار چور ’ہے کہ نعرے لگا رہے تھے ۔ لیکن پولیس کے فورا مداخلت نے حالات کو بے قابو ہونے سے بچا لیا۔پولیس نے ان دوکانوں کی زبردستی بند بھی کرادیا جن کے مالکان بی جے پی حامی ہونے کا شک تھا۔بجنور میں پرینکا کا روڈ شو پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا اس درمیان کانگریس کے حامیوں نے اپنے لیڈر پر پھولوں کی بارش کی۔بجنور کے بعد پرینکا سہارنپور پہنچیں، جہاں پر انہوں نے پارٹی امیدوار عمران مسعود کے حق میں روڈ شو کیا۔سہارنپور میں کانگریس جنرل سکریٹری کے روڈ شو کا آغاز گول کوٹھی سے ہوا اور دو کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد قطب شیر پر اختتام پذیر ہوا۔دہلی روانہ ہونے سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری کیرانہ میں بھی ایک روڈ شو کرسکتی ہیں۔روڈ شو سے پہلے پرینکا وہاں ایک استقبالیہ پروگرام میں شرکت کریں گی۔ملحوظ رہے کہ پیرکو راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور جیوتی رادتیہ سندھیا کی سہارنپو، بجنور اور کیرانہ میں مشترکہ ریلی ہونی تھی لیکن خراب موسم کے وجہ سے ان ریلیوں کو منسوخ کردیا گیا تھا۔