سہاگ رات کی سیج پر دلہا اور دلہن کیہارٹ اٹیک سے موت!

   

بہرائچ: اترپردیش کے بہرائچ ضلع سے ایک حیران کردینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جمعرات کو نئے شادی شدہ جوڑے کو ان کی شادی کے اگلے دن صبح مردہ پایا گیا۔ شادی کی پہلی ہی رات کو دولہا اور دلہن دونوں کی ایک ساتھ ہارٹ اٹیک یعنی قلب پر حملہ سے موت ہوگئی۔ دونوں کی نعشیں سہاگ رات کی سیج پر پڑی ملی۔ اس حیران کردینے والے واقعہ کے بعد پورے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ دونوں کی آخری رسوم ایک ہی چتا پر کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 22 سال کے پرتاپ یادو نے 30 مئی کو 20 سال کی پشپا سے شادی کی تھی۔ بارات چہارشنبہ کی شام کو دولہے کے گھر لوٹ آئی۔ چہارشنبہ کی رات شادی کے پروگرم کے دو نوں سونے چلے گئے۔ جب دونوں صبح کافی دیر تک کمرے سے باہر نہیں نکلے تو دولہے کے اہل خانہ نے کمرے میں جاکر جو دیکھا تو سبھی کے ہوش اڑ گئے۔ بتایا گیا کہ سہاگ رات کی سجی ہوئی سیج پر دونوں مردہ حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ انسپکٹر نے کہا کہ کمرے میں زبردستی داخل ہونے یا جوڑے کے جسم پر چوٹ کے نشانات نہیں تھے، جو ان کی موت میں کوئی جرم کی جانب اشارہ کرتے ہوں۔ بہرائچ کے ایس پی پرشانت ورما نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ دونوں میاں بیوی کو ایک ہی وقت میں دل کا دورہ پڑا تھا۔ ورما نے یہ بھی کہا کہ جوڑے کی موت کے معمہ کو حل کرنے کیلئے نعشوں کا وسرا لکھنو میں ریاستی فورینسک سائنس لیباریٹری میں جانچ کیلئے محفوظ رکھا گیا ہے۔