سورت، 3 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کے ممتاز کڈو ایتھلیٹ سہیل خان نے چوتھی ایشین کڈو چمپئن شپ 2025 کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ حاصل کر لی ہے۔ یہ چْناؤ مقابلے 2 اور 3 اگست کو سورت، گجرات کے ایتھلیٹیکا فٹنس سنٹر میں منعقد ہوئے۔ سہیل نے بالغ کی 250 پی آئی زمرے میں دو شاندار مقابلے جیت کر ٹیم میں جگہ بنائی۔ پہلے مقابلے میں انہوں نے اروناچل پردیش کے بیری ٹاسو کو ناک آؤٹ سے شکست دی، جبکہ فائنل میں راجستھان کے ابھیمنیو گوڈاراکو سبمشن سے ہرایا۔ اب وہ یکم تا 4 نومبر جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہونے والی ایشین چمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ کامیابی کے بعد سہیل نے کہا ہندوستان کی نمائندگی کرنا ہمیشہ فخر کی بات ہے۔ ہر مقابلہ میرے لیے محنت ثابت کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ میں اپنے کوچ، خاندان اور تمام حمایتیوں کا شکر گزار ہوں۔ اب ساری توجہ ایشین چمپئن شپ کی تیاری پر ہے تاکہ ملک کے لییمیڈل جیت سکوں۔