سہ رخی سیریز، ہندوستان کا بنگلور میں کیمپ

   

بنگلور : ملک میں یقینی طور پر آئی پی ایل کا ماحول ہے۔ لیکن اب کرکٹ کے اس بڑے تہوار کے درمیان بین الاقوامی کرکٹ سیریز دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا کیمپ بنگلورو میں جاری ہے، جس میں 15 کھلاڑی، جنہیں سہ رخی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے، شرکت کررہی ہیں۔ یہ سیریز ونڈے فارمیٹ میں ہے جو 27 اپریل کو شروع ہوگی۔ ہندوستان نے سیریز کے آغاز سے صرف 3 دن پہلے اپنی تیاریوں کے لیے کیمپ لگا لیا ہے۔ سہ ملکی سیریز سری لنکا کی میزبانی میں منعقد کی جائے گی۔ ہندوستان اور سری لنکا کے علاوہ اس سیریز میں ایک اور ٹیم جنوبی افریقہ ہوگی۔ سہ ملکی سیریزکا آغاز 27 اپریل کو ہوگا جو 11 مئی تک چلے گا۔ 14 روزہ سیریز میں فائنل سمیت کل7 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس کیمپ میں تمام 15 ہندوستانی کھلاڑیوں نے کپتان ہرمن پریت کورکی قیادت میں حصہ لیا۔ کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی خوبیوں اورکمزوریوں کو جانچنا، ان پر کام کرنا، کھلاڑیوں میں باہمی ہم آہنگی بڑھانا اور سب سے اہم تیاریوں کو جانچنا ہے۔