سہ رکنی کمیٹی آجکل میں سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے ملاقات کریگی

   

پی آر سی کمیٹی کی رپورٹ پیش کرے گی۔ مذاکرات کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کریگی

حیدرآباد : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی (پی آر سی) پر عمل آوری، حد وظیفہ کی عمر میں اضافہ اور دوسرے مسائل پر چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی آج کل میں سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے مذاکرات کا آغاز کرے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے ٹی این جی اوز کے ریاستی صدر ایم راجندر کو طلب کرتے ہوئے مذاکرات کا آغاز کرنے کے تعلق سے مختلف اُمور پر گفتگو کی ہے اور انھیں بات چیت کے لئے مدعو کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سہ رکنی کمیٹی نے سرکاری ملازمین سے بات چیت کے لئے شیڈول تیار کرلیا ہے اور ہر یونین سے دو یا تین نمائندوں کو مدعو کیا جارہا ہے۔ امکان ہے کہ 27 جنوری کو سہ رکنی کمیٹی کا سرکاری ملازمین کی تنظیموں سے پہلا اجلاس منعقد ہوگا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کی جانب سے سرکاری ملازمین کو پی آر سی رپورٹ کی کاپیاں بھی پیش کریں گے۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد سرکاری ملازمین کی تنظیمیں اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں سے مشاورت کے بعد سہ رکنی کمیٹی چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اُمید کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر جنوری کے اواخر یا فبروری کے پہلے ہفتہ میں پی آر کا اعلان، حد وظیفہ کی عمر میں اضافہ کے علاوہ دوسرے اُمور کا اعلان کریں گے۔