سیاحوں کو کشتی رانی کیلئے دیسی ساختہ کشتیوں میں نہ لے جائیں،مریال گوڑہ ڈی ایس پی کا انتباہ

   

نلگنڈہ 20 ستمبر (این ایس ایس) مریال گوڑہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرینواس نے جمعہ کو کہاکہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں پاپیکنڈالو میں حالیہ کشتی حادثہ کے بعد ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں ماہی گیری پر امتناع ہے۔ ناگرجنا ساگر پر ماہی گیروں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر سرینواس نے ماہی گیری کے لئے کشتیوں میں پانی میں جاتے وقت ماہی گیروں کی جانب سے کئے جانے والے سیفٹی سے متعلق اقدامات کے بارے میں واقف کروایا۔ یہ کہتے ہوئے کہ سیاحوں کو کشتی رانی کے لئے دیسی ساختہ کشتیوں میں نہیں لے جانا چاہئے، ڈی ایس پی نے انتباہ دیا کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ماہی گیروں کو ناگرجنا ساگر پراجکٹ کے پانی میں کشتی رانی کے لئے سیاحوں کو دیسی ساختہ کشتیوں میں نہیں لے جانا چاہئے۔ ڈی ایس پی سرینواسلو نے ماہی گیروں کو مشورہ بھی دیا کہ مچھلی کے شکار کے لئے جاتے وقت سیفٹی اقدامات کریں اور لائف جیاکٹس پہنیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ماہی گیروں کو حالت نشہ میں ماہی گیری کے لئے پانی میں نہیں جانا چاہئے۔ اس اجلاس میں ہالیہ سرکل انسپکٹر دھنو جیا گوڑ، ناگر جنا ساگر سب انسپکٹر سینیا، فشر مین اسوسی ایشن کے صدر اپا راؤ اور سکریٹری سرینواس نے بھی شرکت کی۔