اکیس بیروزگار لڑکے لڑکیوں کا انتخاب، پرکشش تنخواہوں کی پیشکش
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) نیوزایڈیٹر جناب عامر علی خان کی قیادت اور نگرانی میں چلائے جارہے سیاست۔ ہب فاونڈیشن کی جانب سے بیروزگار لڑکے لڑکیوں کی ملک و بیرون ملک روزگار ؍ ملازمتوں کے حصول میں غیرمعمولی رہنمائی کی جاتی ہے۔ چنانچہ جاب میلوں (جاب فیسٹیولس) کے ذریعہ بے شمار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو قومی و بین الاقوامی (ملٹی نیشنل) کمپنیوں میں ملازمتیں حاصل ہوئی ہیں۔ چنانچہ ہفتہ کو سیاست کے آڈیٹوریم میں مختلف کمپنیوں میں مختلف عہدوں کیلئے انٹرویوز کا اہتمام کیا گیا۔ 106 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 21 تقررات عمل میں لائے گئے، ان میں 8 لڑکیاں اور 13 لڑکے شامل ہیں۔ 6 مختلف کمپنیوں کیلئے انٹرویوز ہوئے جس میں اسنیچر نمایاں ہیں۔ ان انٹرویوز کے اہتمام میں ٹیک رائیڈرس Teck Riders اور Hanosys کا اہم کردار رہا۔ ڈائرکٹر سیاست ہب فاونڈیشن جناب زاہد فاروقی کے مطابق جن جائیدادوں کیلئے انٹرویوز لئے گئے ان میں کسٹمر سپورٹ (وائس اینڈ نان وائس)، اورائیکل اپیکس، فل اسٹاک۔ یگولر، ماب ڈیولپر، اورائیکل فارمس، رپورٹ ڈیولپر، پی ایچ پی ڈیولپر، پائتھان ڈیولپر Erpnext، نیچ سیلزرکروٹر اور یو ایس آئی ٹی رکروٹر کے عہدہ شامل تھے۔ جن امیدواروں کے تقررات عمل میں آئے ان میں کئی ایسے بھی ہیں جنہیں سالانہ 2.5 لاکھ روپئے تا 4 لاکھ روپئے کی پیشکش کی گئی جبکہ ایسے امیدوار بھی ہیں جنہیں 1.75 لاکھ روپئے سالانہ تا 2.5 لاکھ روپئے تنخواہ پر مشتمل پیاکیج کا پیشکش کیا گیا۔ اس موقع پر جناب میر مجاہد علی کوآرڈینیٹر، جناب اسلم حسین آئی ٹی اکسپرٹ، منیجر سیاست ہب مسٹر اسنیہیت اور ثنا خاتون جاب پلیسمنٹ سیل انچارج بھی موجود تھے۔