سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے عوام کیلئے یونانی بھپارہ

   

عوام کو کورونا سے بچانا مقصد، مساجد اور محلہ جات کیلئے بھپارہ کے سامان اور یونانی ادویات کی تقسیم

حیدرآباد : کوروناوائرس کی وبا نے نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں خوف و دہشت کی لہر پھیلادی ہے۔ کروڑوں کی تعداد میں لوگ متاثر اور لاکھوں کی تعداد میں ہلاک ہوئے۔ ہمارے وطن عزیز میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2.87 کروڑ لوگ اب تک متاثر ہوئے۔ 3.84 لاکھ اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے۔ اس وبا سے لوگوں کو بچانے کیلئے ایلوپیتھی، ہومیوپیتھی اور آیورید کے ساتھ ساتھ یونانی طریقہ علاج کے ماہرین آگے آئے ہیں خاص طور پر STEAM INHALATION بھپارہ کو سب سے بڑی احتیاط سمجھا جارہا ہے۔ چنانچہ طب یونانی میں ماہرین احتیاط اور حفظ ماتقدم کے طور پر لوگوں کو کلونجی، میتھی، کالی مرچ، لونگ، دارچینی، تریاق اعظم (ستِ اجوائن، ستِ پودینہ، ست کافور کا مرکب) ادرک وغیرہ کے بھپارہ لینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پدم شری ڈاکٹر ایم اے وحید نے دفتر سیاست میں اس بھپارہ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو بطور احتیاط اس یونانی بھپارہ کے استعمال کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ افتخار حسین نے شہر کی مختلف مساجد اور محلہ جات میں لوگوں کیلئے بھپارہ STEAM INHACATION کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ لوگ کورونا کی زد میں آنے سے محفوظ رہیں۔ ڈاکٹر ایم اے وحید کے مطابق یہ بھپارہ لینے سے نتھنوں میں اگر اتفاق سے کورونا موجود بھی ہو تو وہ مفلوج ہوجاتا ہے۔ اس بھپارہ کیلئے پریشر کوکر پائپس کا استعمال کیا جاتا ہے جسے سید کلیم احمد نیشنل پائپ ورک افضل گنج تیار کررہے ہیں۔ بہرحال آج دفتر سیاست میں روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے یاقوت پورہ، مشیرآباد، کاروان (کاروان کے دو مقامات) جملہ چار مقامات کیلئے پریشر کوکر یونانی ادویات پائپس وغیرہ مکمل سیٹ روانہ کئے گئے۔ جنرل منیجر سیاست میر شجاعت علی نے ان علاقوں سے آئے بعض امیدواروں کے حوالہ یہ سامان اور ادویات کیا۔ اس موقع پر سیاست ہیلپ ڈیسک کے سید خالد محی الدین اسد، شیخ احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں کی مساجد اور محلہ جات کیلئے یہ سامان معہ ادویات فراہم کئے جائیں گے۔ ایک پریشرکوکر استعمال کرتے ہوئے آدھے گھنٹے میں 120 لوگ بھپارہ لے سکتے ہیں۔