سیاست اور ملت فنڈ رشتوں کا آج دو بہ دو پروگرام

   

ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں مقرر، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کیلئے رشتوں کے ضمن میں سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 95 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام اتوار 24 مارچ ایس اے ایمپرئیل گارڈن، ٹولی چوکی میں رکھا گیا ہے۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان سرپرست اعلیٰ ملت فنڈ صدارت کریں گے۔ مہمان کی حیثیت سے جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز شرکت کریں گے۔ ان دنوں مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کا رشتہ ازدواج سے منسلک ہونا ایک مسئلہ بنتے جارہا ہے۔ اس کو محسوس کرتے ہوئے سیاست و ملت فنڈ کی یہ کوشش شہر اور اضلاع اور ملک کی دیگر ریاستوں اور بیرونی ممالک میں دوبہ دو پروگرام کیا جارہا ہے جس کے ثمرآور نتائج پیدا ہورہے ہیں۔ 24 مارچ کو منعقد ہونے والے پروگرام میں والدین باہمی مشاورت کے ساتھ رشتوں کے انتخاب میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکیں گے۔ اس لئے حسب سابق کی طرح آج کے اس پروگرام میں کاؤنٹرس کا نظم کیا جارہا ہے، جس میں تجربہ کار والینٹرس والدین کی رہبری و رہنمائی کریں گے۔ ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، بی ایس سی، بی کام، ایم کام، ایم ایس سی، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ایم ڈی، بی فارمیسی، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، عقدثانی، معذورین اور تاخیر سے ہونے والے لڑکوں اور لڑکیوں کے علاوہ فنی تعلیم سے وابستہ لڑکوں اور لڑکیوں کے کاؤنٹرس رہیں گے۔ والدین اس پروگرام میں تشریف لائیں تو اپنے ساتھ بائیو ڈاٹا اور فوٹو رکھیں۔ ایک بائیو ڈاٹا اور فوٹو رجسٹریشن کیلئے ہوتی ہے اور مشاورت کرنے کیلئے انہیں ایک سے زائد فوٹوز اور بائیو ڈاٹا رکھنا ہوگا۔ اکثر والدین اور سرپرستوں کو دیکھا گیا کہ وہ بائیو ڈاٹا اور فوٹوز کی کاپیز نہیں رکھتے۔ انہیں دو بہ دو پروگرام میں ملاقات اور بات چیت کرنے میں دشواری پیدا ہوتی ہے جیسا کہ یہ بات کا اعادہ کیا جاچکا ہیکہ اس دو بہ دو پروگرام کے علاوہ احاطہ دفتر سیاست پر بھی روزانہ 10 بجے دن تا 4 بجے شام والدین لڑکوں اور لڑکیوں کے فوٹوز رشتوں کے ضمن میں دیکھ سکتے اور رجسٹریشن بھی کرواسکتے ہیں۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام نے بتایا کہ اس پروگرام میں کمپیوٹرس کی مدد سے والدین کو لڑکوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کروایا جائے گا۔ اس کیلئے تجربہ کار کی مدد حاصل کی جارہی ہے۔ دو بہ دو پروگرام کو شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک اور عالمی سطح تک پہنچانے کیلئے راست ٹیلی کاسٹ یوٹیوب، فیس بک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ کیا جائے گا تاکہ بیرونی ممالک میں موجود افراد اس پروگرام کو دیکھ سکیں جنہوں نے اب تک ہوئے اس دو بہ دو ملاقات پروگرام کو یوٹیوب، فیس بک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ دیکھا۔ انہوں نے انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی و نگرانی میں ہونے والا یہ پروگرام ان والدین کیلئے مددگار و معاون ثابت ہورہا ہے جو والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے سلسلہ میں پریشان ہیں۔