13 اکٹوبر کو مینار گارڈن میں مقرر ، لڑکے اور لڑکیوں کے سینکڑوں رشتے ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سیاست اور ملت فنڈ کا رشتوں کا 100 واں پروگرام بروز اتوار 13 اکٹوبر کو صبح 10 تا 4 بجے شام مینار گارڈن نزد سالار جنگ میوزیم ، نیا پل روڈ پر منعقد ہوگا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست صدارت کریں گے ۔ اس پروگرام میں ریاست تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، اور پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا ، کرناٹک سے مندوبین شرکت کریں گے ۔ حسب سابق کی طرح یہ پروگرام والدین اور سرپرستوں کے لیے رشتوں کو طئے کرنے میں مددگار و معاون ثابت ہوگا ۔ اس لیے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروانے کے لیے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس ساتھ میں ضرور رکھیں اور جنہوں نے اب تک اپنے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن نہیں کروائے ہیں وہ بھی کرواسکتے ہیں ۔ اور ساتھ ہی نئے رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا رہے گی اور انہیں رجسٹریشن کارڈ بھی دیا جائے ۔ والدین کے لیے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس کو آن لائن کرنے کے لیے سہولت رکھی گئی ہے کہ تاکہ وہ کمپیوٹرس کی مدد سے رشتے تلاش کرسکتے ہیں ۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام نے بتایا کہ 100 ویں پروگرام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ اس پروگرام کو بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے راست ٹیلی کاسٹ و یو ٹیوب ، فیس بک اور دیگر کے ساتھ سیاست ٹی وی کے ذریعہ ناظرین تک پہنچایا جائے گا تاکہ ملک اور بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانی اپنے اپنے مقامات پر اس پروگرام کا مشاہدہ کرسکیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام سے فون نمبر 9391160364 پر ربط کرسکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس پروگرام میں کم تعلیم یافتہ ، ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، گریجویشن ، پوسٹ گریجویٹس ، بی ڈی ایس ، ایم بی بی ایس ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، انجینئرنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، کورس اور تعلیم حاصل کیے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علحدہ علحدہ کاونٹرس رکھے جارہے ہیں ۔ جس میں تربیت یافتہ و تجربہ کار والینٹرس کی خدمات حاصل رہے گی تاکہ والدین کی رہبری و رہنمائی کی جاسکے ۔۔