سیاست اور ملت فنڈ کے زیر اہتمام آج رشتوں کا ’ دو بہ دو ‘ پروگرام

   

Ferty9 Clinic

رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر پر 10 بجے دن تا شام 4 بجے انعقاد ۔ جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) موجودہ معاشرہ میں اپنے لڑکے اور لڑکوں کی شادی کیلئے من پسند رشتہ تلاش کرتے ہوئے انہیں پرسکون زندگی گذارنے کی ڈگر پر ڈالنا ایک کٹھن مسئلہ ہوتے جارہا ہے اور والدین بھی رشتوں کے انتخاب میں اخلاق و کردار، امور خانہ داری سے واقف کو ترجیح دینے کے بجائے خوبصورت اور بعض تو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ لین دین کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں ان کے شعور کو بیدار کرتے ہوئے سیاست اور ملت فنڈ دوبہ دو ملاقات پروگرامس کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ اللہ کا فضل و کرم کہ یہ پروگرام 98 ویں منزل پر ہے۔ درمیان میں ایک پروگرام کے بعد یہ صدی پروگرام میں داخل ہوگا۔ آج اتوار 23 جون کو رائل ریجنسی گارڈن روبرو آصف نگر پٹرول پمپ میں 10 بجے دن تا 4 بجے شام منعقد ہوگا جس کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہندوستان میں ایران کے رہبراعظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنائی کے نمائندہ ہزایکسلنسی آیت اللہ مہدی، مہدوی پور، محمد قمرالدین صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن تلنگانہ شرکت کریں گے جبکہ اعزازی مہمانان کی حیثیت سے جناب سعید بن محمد القعیطی اور جناب فیصل بن علی القعیطی پروپرائٹرس رائل ریجنسی گارڈن (آصف نگر) شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں والدین اور سرپرستوں کو اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کا انتخاب ازخود کرنا ہوگا۔ اس لئے والدین کو فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کی کاپیز زیادہ سے زیادہ رکھیں اور جنہوں نے اپنا رجسٹریشن کروا لیا ہو وہ شناختی کارڈ، فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کی کاپیز رکھنی ہوگی تاکہ مشاورت کرنے میں مدد مل سکے۔ رائل ریجنسی گارڈنس میں کاؤنٹرس کا نظم رکھا گیا ہے جو بالترتیب ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، بی ایس سی، بی ایڈ، ایم اے، ایم ایڈ، بی کام، ایم ایس سی، ایم کام، ایم بی بی ایس، ایم ڈی، بی ڈی ایس، بی فارمیسی، انجینئرنگ، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، عقدثانی، تاخیر سے ہونے والی شادیوں، معذور لڑکوں اور لڑکیوں کے علحدہ علحدہ کاؤنٹرس رہیں گے جنہوں نے اس پروگرام سے استفادہ کیا ہے وہ جانتے ہیںکہ موجودہ حالات میں یہ پروگرام والدین کے حق میں کس طرح مددگار و معاون ثابت ہورہا ہے جن والدین و سرپرستوں نے ابھی تک اپنا رجسٹریشن نہیں کروایا ہے وہ دفتر ملت فنڈ احاطہ روزنامہ سیاست (عابڈز) اور دوبہ دو پروگرام کے دوران رائل ریجنسی گارڈن پر رجسٹریشن کرواکر شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ والدین کیلئے اس پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کروانے کی سہولت رہے گی تاکہ وہ کمپیوٹر کی مدد سے رشتہ تلاش کرسکے۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام نے بتایا کہ دوبہ دو ملاقات کے پروگرام کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام بھی اپنے حسب سابق پروگرام کی طرح والدین کی مدد و تعاون میں کوئی کسر باقی نہ رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی والدین کی بڑی تعداد احاطہ سیاست دفتر ملت فنڈ پہنچ کر اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے تلاش کرنے میں منہمک ہے۔ اس پروگرام کو پچھلے پروگرامس کی طرح شہر کے علاوہ عالمی سطح تک پہنچانے کیلئے راست ٹیلی کاسٹ یوٹیوب، فیس بک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ مہیا کی گئی ہے جس کیلئے ملک اور بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی اپنے اپنے مقامات پر آسانی کے ساتھ اس پروگرام کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ مزید تفصیلات جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام فون نمبر 9391160364 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔