سیاست ایجوکیشن فیر کا مقصد طلبا اور نوجوانوں کی تعلیمی رہنمائی کرنا ہے

,

   

ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے افتتاح انجام دیا ۔ ایک چھت تلے کئی تعلیمی ادارہ جات کی شرکت ، داخلے کے حصول میں بے حد معاون
٭ انجینئرنگ ، فارمیسی کے ساتھ بی اسکولس کی شرکت
٭ مینجمنٹ / بیرون ممالک میں تعلیم کی رہنمائی
٭ نیٹ ، ایمسیٹ اور دیگر انٹرنس امتحانات کی کونسلنگ

حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سیاست ایجوکیشن فیر کا مقصد طلباء و نوجوانوں کو نئے کورسز سے متعارف کرواتے ہوئے کالجس کے نمائندوں کے ذریعہ رہنمائی کرنا ہے کہ کس کالج میں کونسے کورسز ہیں اور داخلے کا طریقہ کار کیا ہے ۔ کالجس میں مہیا سہولیات سے بھی واقف کروایا گیا ۔ اولیائے طلباء جو اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے فکر مند ہیں ان کیلئے یہ سیاست ایجوکیشن فیر نہایت فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں عابد علی خاں صدی ہال میں سیاست ایجوکیشن فیر کے افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ ایک چھت تلے کئی تعلیمی ادارہ جات کے نمائندوں کی شرکت داخلے کے حصول کیلئے نہایت موثر ہوگی ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اس کا اسپانسر ہے اور لارڈس انجینئرنگ کالج معاون اسپانسر ہے ۔ تمام اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے ہمراہ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست اور کیرئیر کونسلر ایم اے حمید بھی موجود تھے ۔ کالجس کے نمائندوں نے جہاں اپنے اداروں میں کورسز کی تفصیلات بتائی وہیں انہوں نے اپنی کارکردگی اور شاندار نتائج اور مظاہرہ کو پیش کیا ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائرکٹرس جناب معظم حسین اور انور احمد نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی مختلف سرگرمیوں اور نیٹ اور ایمسیٹ میں شاندار نتائج کو پیش کیا جس پر جناب زاہد علی خاں نے اظہار خوشنودی کیا ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے نئی نسل کو اسٹارٹ اپ کے تحت خود مکتفی بنانے اور خود روزگار فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کالج انتظامیہ کی اس جانب خصوصی توجہ دلائی۔ لارڈس انجینئرنگ کالج اور لارڈس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے جناب توصیف سی اے نے اپنے کالجس کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ ملت کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ان کو بروئے کار لانے صحیح رہنمائی کی جانی چاہئے اور طلبہ بھی پوری یکسوئی اور سنجیدگی کے ساتھ اگر تعلیم حاصل کریں تو وہ ملک کے سرکردہ اداروں آئی آئی ٹیز کے طلبہ کی طرح اپنا لوہا منوا سکتے ہیں ۔ مسٹر ارشاد علی اور مجید نعمان نے بھی مختلف امور پر روشنی ڈالی ۔ نواب شاہ عالم خاں انجینئرنگ کالج کے جناب معظم حسین اور محمد رضا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اپنے کالجس کو خود مختارانہ موقف ملنے پر اب یونیورسٹی امتحانات کے ذریعہ طلبہ کامیابی کے تناسب میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔ آزاد انجینئرنگ کالج کے جناب غوث بھی موجود تھے اور انہوں نے آزاد کالج جو انجینئرنگ کا میناریٹی کالج ہے یہاں بی فارمیسی کورس بھی دستیاب ہے ۔ ایم آر ایم کالج ابراہیم پٹنم میں فارمیسی کے ڈگری ، ماسٹر ڈگری کورسز ہیں ۔ مسٹر مجیب نے اس کی تفصیلات بتائی ۔ جناب اعجاز احمد نے ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتوں کیلئے فل اسٹاک اکیڈیمی کی سرگرمیوں کو بتایا کہ شاداں انجینئرنگ کالج بھی خود مختارانہ موقف حاصل کرچکا ہے ۔ گلوبل انجینئرنگ کالج کے جناب عبدالرحمن نے کورسز کی تفصیل بتائی ۔ تین دن جاری رہنے والا یہ ایجوکیشن فیر اتوار 25 جون اور پیر 26 جون کو صبح 11 بجے تا 5 بجے جاری رہے گا ۔ بیرون ممالک میں ایم بی بی ایس کے لیے بک مائی ایم بی بی ایس اور کیو ایس ایم ایجوکیشن کنسلنٹنٹ کے نمائندے موجود تھے۔ بی اسکولس کے سیوا سیوانی کے علاوہ آئی سی بی ایم ، گیتم یونیورسٹی اور اونتی گروپ اس کا حصہ ہیں ۔ ایم اے حمید ایجوکیشن فیر میں طلباء اور سرپرستوں کی شخصی کونسلنگ کیلئے بالخصوص نیٹ و ایمسیٹ کی مکمل رہنمائی کیلئے سینکڑوں طلبہ کی کونسلنگ کی ۔ سیاست ایجوکیشن فیر میں شہر کے علاوہ اضلاع سے طلباء اور سرپرستوں نے شرکت کی اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ کالجس کے نمائندوں نے اس کو صحیح وقت پر انعقاد قرار دیا ۔ کل اتوار 25 جون کو 11 بجے تا 5 بجے ایجوکیشن فیر رہے گا ۔ اس میں ایس ایس سی ، انٹر ، ڈگری ، امیدوار شرکت کرسکتے ہیں ۔ بالخصوص نیٹ ، ایمسیٹ کے ساتھ دیگر انٹرنس امتحانات ایڈسیٹ ، لا سیٹ ، آئی سیٹ اور دیگر کورسز کی کونسلنگ کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔