سیاست ایس ایس سی اردو میڈیم کوئسچن بینک بہت ہی مفید و کار آمد

   

ماہرین تعلیم احمد بشیر الدین فاروقی ، ایم اے حمید و دیگرکا خطاب ، جناب اصغر علی خاں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سیاست ایس ایس سی کوئسچن بینک سے امتحانی نتائج بالخصوص اردو میڈیم ایس ایس سی کے کامیابی کے تناسب میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ گذشتہ دو دہوں سے پابندی کے ساتھ ایس ایس سی کے کوئسچن بینک شائع کر کے شہر اور اضلاع میں مفت تقسیم کئے جارہے ہیں جس کو مضمون ماہر اساتذہ اس کو بڑی عرق ریزی سے امتحانی نقطہ نظر سے تیار کرتے ہیں جو کامیابی کا ضامن ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے یہاں عابد علی خاں سینیٹینری ہال احاطہ سیاست میں ایس ایس سی اردو میڈیم کوئسچن بینک کی تقریب رسم اجرائی سے مخاطب کرتے ہوئے کیا اور جہاں طلبہ کو اس سے بھر پور استفادہ کی خواہش کی وہیں پر ان تمام اساتذہ کا جنہوں نے اس میں حصہ لیا ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ادارہ سیاست کی ملی خدمات کی کاوشوں کا یہ سلسلہ ہے اور اس کی یہ ایک کڑی ہے ۔ اس موقع پر جناب اصغر علی خاں ( فرزند ظہیر الدین علی خاں ) موجود تھے ۔ جن اساتذہ نے اس میں عملی تعاون کیا ان میں صابر پاشاہ قادری اردو ، خلیل احمد قادری ریاضی ، خواجہ معین الدین سوشیل اسٹیڈیز ، کنیز فاطمہ سائنس ، کلپنا انگلش ، ایم اے رفیع تلگو شامل ہیں ۔ شہر کے علاوہ اضلاع سے جن اردو کی شخصیات نے شرکت کی ان میں رفیق شاہی نظام آباد ، ایم اے سلیم فاروقی کورٹلہ ، یوسف بن ناصر محبوب نگر ، محمد کلیم الدین پٹلم ، محمد شاہد مٹ پلی کے علاوہ ظہیر آباد ، وقار آباد سے شرکت کی گئی ۔ پروگرام کا آغاز مدرسہ فوقانیہ معظم جاہی مارکٹ کی طالبہ امیر سلطانہ کی قرات سے ہوا ۔ صفدریہ ہائی اسکول اور درشہوار ہائی اسکول کی طالبات نے حمد نعت پیش کی ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔ میر شجاعت علی جنرل منیجر سیاست اور شیخ محی الدین کی معاونیت میں تقریب اختتام کو پہنچی ۔۔