سیاست ایس ایس سی کوئسچن بینک کا رسم اجراء

   

ہر سال لاکھوں طلبہ کا استفادہ ، جسٹس ای اسمعیل و دیگرکا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سیاست ایس ایس سی کوئسچن بینک کی اشاعت کے بعد کامیابی کے تناسب میں اضافہ ہوا اور نتائج کا فیصد کافی بڑھا ۔ طالب علم کو امتحانی نقطہ نظر سے یہ کوئسچن بینک گذشتہ 18 سال سے ہر سال پابندی کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے ۔جاریہ سال 2020 میں تین اردو میڈیم ، زبان دوم تلگو ، انگلش میڈیم کے کوئسچن بینک شائع ہو کر مفت تقسیم کئے جاتے ہیں ادارہ سیاست کی کاوشیں لائق ستائش ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس ای اسماعیل نے سیاست گولڈن جوبلی ہال میں کوئسچن بینک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ آج لڑکیاں زندگی کے ہر شعبہ میں آگے ہیں لڑکوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور وہ بھی علم کے زیور سے آراستہ ہو ۔ سیاست کی جانب سے ایک مسلم لڑکی کو پائلٹ بنایا گیا ۔ پھر حکومت تلنگانہ نے اس کی مالی مدد کی اور سلویٰ فاطمہ آج کمرشیل پائلٹ ہے ۔ جناب محمود ساجد ڈائرکٹر سینٹ معاذ ہائی اسکول نے اپنی تقریر میں حالات حاضرہ کے تناظر میں نوجوانوں اور سرپرستوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتلایا کہ زندگی میں حالات کا مقابلہ کرنا چاہیء ۔ علم ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعہ تمام شعبہ جات کا احاطہ کیا جاتا ہے ۔ قرآن اور احادیث کے حوالہ سے انہوں نے علم کی اہمیت بتائی اور نئی نسل کو بھی جھنجھوڑتے ہوئے انتباہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو ہر طرح تیار کریں ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے کوئسچن بینک کی تیاری کے لیے جن اساتذہ کا تعاون ہوتا ہے ان سے اطہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مضامین کے ماہر اساتذہ امتحانی نقطہ نظر سے ہر سال تیار کرتے ہیں اور اس کے نتائج مثبت انداز میں برآمد ہورہے ہیں اور آج ایس ایس سی کا نتیجہ 80 فیصد سے زائد آرہا ہے ۔ اسکولس فیڈریشن کے ذمہ داران عہدیداران نے اس تقریب میں اعزازی مہمانان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ادارہ سیاست کے تعلیمی خدمات کو خراج پیش کیا ۔ فضل الرحمن خرم ڈائرکٹر ڈان ہائی اسکول انجینئر سید حیدر علی چیرمین سوپرب فیڈریشن آف اسکولس جناب وقار خالد چیرمین ہائی ٹیک پرائیوٹ اسکولس فیڈریشن مجیب خان ، احمد حسین ، مخدوم علی خان ، عبدالرحمن فہیم ، محمد ابراہیم نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جن اساتذہ نے کتاب کی تیاری میں تعاون کیا ان کی شال پوشی اور توصیف نامہ پیش کیا گیا ۔ قاری عبداللہ فیضان ابوالخیر کی قرات سے آغاز ہوا ۔ نعت کے بعد ترانہ ہندی طالب علم نے پڑھا ۔ ایم اے حمید نے ابتداء میں مہمانان کا خیر مقدم کیا ۔ نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر شہر کے علاوہ اضلاع سے سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ کو مفت کتب تقسیم کئے گئے ۔۔