سیاست شاپنگ دھوم تفریحی پروگرام ملتوی

,

   

این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری احتجاج کے سبب فیصلہ ، آئندہ تاریخ کا متعاقب اعلان
حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) سیاست شاپنگ دھوم کے سلسلہ میں 18 جنوری کو منعقد ہونے والے تفریحی پروگرام کو این آر سی کے خلاف احتجاج اور اچانک مظاہروں کے سبب ملتوی کردیا گیا ہے۔ ذمہ داران سیاست نے بتایا کہ ہندستانی عوام کی پہلی ترجیح این پی آر کی مخالفت ہے اور عوام ذمہ داری ادا کررہے ہیںایسے میں عوام کو تفریحی پروگراموں کی جانب متوجہ کرنا مناسب نہیں ہے اسی لئے سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈرا کے علاوہ تفریحی پروگرام کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ شہر میں اچانک احتجاج اور خواتین کی جانب سے پر امن احتجاج کو دیکھتے ہوئے گذشتہ دو یوم سے پولیس زیادہ چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور للت کلا تھورانم میں اس تفریحی پروگرام کے دوران طنز و مزاح میں بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ نہ بنانے کی شرط عائد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اسی لئے ان حالات میں این پی آر کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ادارہ سیاست سے منعقد کئے جانے والے پروگرامس کا مقصد اپنے قارئین اور شہریان حیدرآباد میں شعور اجاگر کرکے انہیں عصر حاضر کی ضرورتوں سے واقف کروانا ہوتا ہے۔ اسی طرح مصروف ترین زندگی اور تناؤ سے نجات کیلئے تفریحی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں اور ادبی قارئین کیلئے ادبی پروگرامس کا انعقاد عمل میںلایا جاتا رہا ہے اور ان تمام پروگرامس کا بنیادی مقصد عوام کو معاشرتی حالات سے واقف کرواتے ہوئے ان سے نمٹنے کی راہ دکھانا ہوتا ہے اور سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈراکے موقع پر منعقد کئے جانے والے تفریحی پروگرام کا مقصد بھی وہی ہوتا ہے اور موجودہ حالات میں پولیس کی جانب سے شعور اجاگر کرنے والے تفریحی پروگرام کو بھی اجازت نہ دیئے جانے اور مشروط اجازت دئے جانے کی پیشکش سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں پولیس کی من مانی چل رہی ہے جو کہ شہریوں کو احتجاج سے روکنے کے علاوہ شعور اجاگر کرنے سے بھی روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ادارۂ سیاست کے ذمہ داروں نے بتایا کہ سیاست شاپنگ دھوم کے ڈرا کی تاریخ کامتعاقب اعلان کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں منعقد ہونے والے تفریحی پروگرام کو ملک کے حالات میں بہتری اور این پی آر سے دستبرداری کے فیصلہ پر منحصر رکھا جائے گا تاکہ حالات مکمل طور پر ساز گار ہونے کے بعد ہی عوام کو تفریحی پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔