سیاست شاپنگ دھوم 2025 کا اختتام ۔ یادگار اور رنگا رنگ پروگرام ‘انعامات کی قرعہ اندازی

,

   

Ferty9 Clinic

شہریان حیدرآباد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ فنکاروں کے یادگار مظاہرے ۔ نغموں ‘ صوفی گیتوں اور مزاحیہ خاکوں نے سماں باندھ دیا

سیاست شاپنگ دھوم 2025
بمپر ڈرا کے انعامات
حیدرآباد 11 جنوری ( سیاست نیوز ) سیاست شاپنگ دھوم 2025 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب میں بمپر ڈرا کیا گیا جس میں خوش نصیب انعام یافتگان کا انتخاب عمل میں آیا ۔ پہلا انعام Hyundai exter گاڑی کوپن نمبر 0021957 کو حاصل ہوا جو اے ون ٹی کمپنی سے جاری کیا گیا تھا ۔ دوسرا انعام ہیرو گلیمر بائیک 125 کوپن نمبر 0185741 کو حاصل ہوا جو البرکات ٹورس اینڈ ٹراویلس سے جاری ہوا تھا ۔ تیسرا انعام ہیرو ڈسیٹنی 125 کوپن نمبر 0199503 کو حاصل ہوا جو ٹوئنٹی فرسٹ سنچری فرنیچرس سے جاری ہوا تھا ۔

حیدرآباد: (سیاست نیوز)روزنامہ سیاست کی جانب سے شہر کا مقبول ترین شاپنگ فیسٹیول ’سیاست شاپنگ دھوم 2025‘ ایک یادگار اور رنگا رنگ پروگرام کے ساتھ تکمیل کو پہونچا ۔ یکم دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک جاری رہے اس 40 روزہ شاپنگ فیسٹیول نے اپنے 15ویں سیزن میں بھی گاہکوں اور ریٹیل تاجرین دونوں کو غیر معمولی فائدہ پہنچاتے ہوئے زبردست عوامی سرپرستی حاصل کی۔سیاست شاپنگ دھوم کا مقصد گاہکوں کو روزمرہ اور شادی بیاہ کی خریداری کے ساتھ پرکشش انعامات جیتنے کا موقع فراہم کرنا اور ریٹیل تاجرین کو وسیع تشہیر اور برانڈ ویلیو بڑھانے کا مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ اس فیسٹیول میں شہر بھر کے تقریباً 70 آؤٹ لیٹس نے حصہ لیا، جہاں زیورات، تیار ملبوسات، پارچہ جات، الیکٹرانکس، فرنیچر، گھریلو سامان، فٹ ویئر، بیکری اشیاء ، ٹریول خدمات اور دیگر اشیاء واجبی قیمتوں پر دستیاب رہیں۔سیاست شاپنگ دھوم 2025 کے دوران ہر دس دن میں چار منی ڈراز منعقد کئے گئے جبکہ اختتام پر شاندار بمپر ڈرا منعقد ہوا۔ بمپر ڈرا میں ایک Exter Hyundai کار، موٹر بائیکس، اسکوٹر کے علاوہ چار منی ڈراز میں 200 سے زائد الیکٹرانک انعامات شامل تھے، جن میں ٹیلی ویڑن، ریفریجریٹرز، واشنگ مشینیں، مائیکرو ویو اوون اور دیگر قیمتی اشیاء شامل تھے ۔اس سیزن کے مین اسپانسرKASHISH The Ethnic Poetry، اسپیشل اسپانسرسورج بھان جیمس اینڈ جیولرس اور اسوسی ایٹ اسپانسر سبحان بیکری رہے۔ درجنوں معاون اسپانسرس اور ریٹیل پارٹنرز نے اس شاپنگ فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔بمپر ڈرا کے موقع پر شاندار حیدرآبادی فن گامہ شو حیدرآبادی عوام کو محظوظ کرنے کا ذریعہ رہا ۔ سیاست شاپنگ دھوم 2025 کے کامیاب اختتام اور بمپر ڈرا کے موقع پر للت کلا تھورانم اوپن تھیٹر، باغ عامہ، نامپلی میں شاندار حیدرآبادی فن گامہ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔فن گامہ شو میں حیدرآبادی اسٹیج و فلم کے مقبول فنکار گلو دادا (عدنان ساجد خان)، نور بھائی (شہباز خان) اور اکبر بن تبر نے مخصوص حیدرآبادی اداکاری اور مزاحیہ انداز سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ سوشل میڈیا اور یوٹیوب کی دنیا کے مقبول چہرے پریتی سندر ، شوریہ سدانند اور بگ باس 19 فیم بصیر علی نے اسٹیج پر اپنی موجودگی اور پرفارمنس سے پروگرام کو چار چاند لگادئے ۔ صوفی موسیقی نے سماں باندھ دیا ۔ موسیقی میں صوفیانہ رنگ نمایاں رہا۔ سمیر سوداگر نے اپنے منفرد انداز میں صوفی کلام پیش کیا، جبکہ عادل حسین نے صوفی نغمے گا کر محفل میں روحانی کیفیت پیدا کر دی، جنہیں شائقین کی زبردست داد حاصل ہوئی۔ کامیڈینز نے قہقہوں کی بہار کردی پروگرام میں معروف کامیڈین قادر شریف اور منور علی مختصر نے اپنے برجستہ طنز و مزاح اور اسٹیج اسکیٹس کے ذریعہ حاضرین کو دیر تک ہنسنے پر مجبور کر دیا۔ شاندار انتظامات پروگرام کی اینکرنگ نیہا گپتا نے پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی۔ جبکہ فن گامہ شو کے مجموعی انتظامات اور کوآرڈینیشن کے فرائض کے بی جانی نے نہایت احسن طریقہ سے انجام دیئے۔ کے بی جانی نے بھی اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ ہانگ کانگ سے آئے مشہور گلوکار مہدی حسن نیازی نے خصوصی نغموں سے سماں باندھ دیا جسے حاضرین نے کافی سراہا ۔ جدید ڈیجیٹل ساؤنڈ سسٹم، ملٹی کلر لائٹنگ اور ایل ای ڈی اسکرینز نے پروگرام کو تکنیکی اعتبار سے بھی کامیاب بنایا۔ سیاست شاپنگ دھوم 2025 اور حیدرآبادی فن گامہ شو کو عوامی، تجارتی اور اشتہاری حلقوں نے زبردست کامیاب قرار دیا۔ منتظمین نے تمام اسپانسرس، ریٹیلرس، فنکاروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ برس سیاست شاپنگ دھوم مزید وسعت، جدت اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا جائے گا ۔ شرکاء کی کثیر تعداد اس پروگرام سے لطف اندوز ہوئی اور حیدرآبادی فنکاروں کے مظاہروں پر دل کھول ستائش کی ۔