ہونہار دختر ملت کو ایم بی بی ایس میں داخلہ
ہاسٹل فیس اور دیگر تعلیمی اخراجات برداشت کرنے جناب زاہد علی خان اور جناب افتخار حسین کا اعلان
سنہرے مستقبل کے خواب دیکھیں اور سچ کردکھائیں، طالبات کو مشورہ
حیدرآباد : خواب کوئی بھی دیکھ سکتا ہے امیر ہو یا غریب ،سفید فام ہو یا سیاہ فام ، ہندو ہو یا مسلم، سکھ ہو یا عیسائی ‘ غرض ہر مذہب کے ماننے والے خواب دیکھ سکتے ہیں اور روشن و تابناک مستقبل سے متعلق اپنے خوابوں کو سچ کردکھا بھی سکتے ہیں لیکن اس کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ جہاں تک طلباء و طالبات کے خوابوں کا سوال ہے ان خوابوں کو حقیقت میں ڈھالنے میں والدین اور ان کی حوصلہ افزائی کا اہم رول ہوتا ہے۔ دوسری طرف معاشرہ میں کچھ ایسی ہمدرد شخصیتیں ہوتی ہیں جو حصول علم کے مقدس سفر کو آگے بڑھانے میں غیر معمولی مدد کرتی ہیں، رہنمائی کا فریضہ ادا کرتی ہیں‘ ان شخصیتوں میں ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں، فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین اور نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خان بھی شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ’سیاست‘ سے بات کرتے ہوئے ظہیر آباد سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ سیدہ صنو بر خانم نے کیا۔ اس ذہین طالبہ کو ایان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں ایم بی بی ایس میں مفت نشست حاصل ہوئی۔ اس طرح سیدہ صنوبر خانم نے وسائل نہ ہونے کے باوجود ایک تاریخ رقم کی۔ سیدہ صنوبر خانم کے مطابق وہ ظہیرآباد سے تعلق رکھتی ہیں ، ان کے والدسید مستان ویلڈنگ کا کام کیا کرتے تھے گردے ناکارہ ہوجانے کے باعث جون 2019 میں ان کے والد انتقال کرگئے تاہم ان کی ماں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی اکلوتی بیٹی کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج دفتر ’سیاست‘ پہنچ کر سیدہ صنوبر خانم اور ان کی والدہ کریم النساء بیگم نے ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم بی بی ایس کی فیس و دیگر مصارف کے معاملہ میں سیاست ملت فنڈ کی جانب سے 30 ہزار روپئے کا چیک اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 30 ہزار روپئے کا چیک سیدہ صنوبر خانم کو پیش کئے گئے جبکہ داخلے کے مصارف کے سلسلہ میں سیاست ملت فنڈ کی جانب سے 17500 اور فیض عام ٹرسٹ کی طرف سے 17500 روپئے اس طرح جملہ 95ہزار روپئے امداد فراہم کی گئی۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے سیدہ صنوبر خانم کی کتابوں اور ہاسٹل کی فیس جیسے اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ خاص طور پر جناب زاہد علی خان سیدہ صنوبر خانم کی جدوجہد کی کہانی سے بہت متاثر ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں سیدہ صنوبر خانم نے بتایا کہ انہوں نے ایس ایس سیCMR ماڈل ہائی اسکول شاہ پور سے کیا اور 8.7 نمبرات حاصل کئے۔ انٹر میڈیٹ ڈاکٹرآر ایل آر جونیر کالج سے کامیاب کیا ۔ انٹر میں اس طالبہ نے 91.8 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ 2018-19 نیٹ میں انہیں 236 نمبرات حاصل ہوئے تھے لیکن اس مرتبہ 466 نمبرات حاصل کرکے ایم بی بی ایس میں اپنے داخلے کو یقینی بنایا۔ اس ضمن میں سیدہ صنوبر خانم نے ڈاکٹر آر ایل آر جونیر کالج کے چیرمین ڈاکٹر لکشما ریڈی کا بطور خاص ذکر کیا اور بتایا کہ انہیں جب پتہ چلا کہ اس لڑکی کے والد انتقال کرگئے تب انہوں نے انٹر میڈیٹ کی ساری فیس ، نیٹ کوچنگ کے تمام اخراجات یہاں تک کہ ٹرانسپورٹ فیس بھی معاف کردی۔ انٹر میڈیٹ امتحانات کی فیس بھی ڈاکٹر لکشما ریڈی نے اپنی جیب سے ادا کی ۔ نیٹ کی فیس بھی ڈاکٹر لکشما ریڈی نے فراہم کی۔ صنوبر نے مزید بتایا کہ ان کے مرحوم والد سید مستان نے 7 ویں اور ماں کریم النساء بیگم نے بھی ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کی لیکن ان کے والدین کو تعلیم کی اہمیت اس کی قدر کا اندازہ تھا اس وجہ سے ان لوگوں نے صنوبر کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ والد کے انتقال کے بعد مامووں خاص طور پر محمد معز خان نے جو ٹوپیوں کا چھوٹا سا کاروبار کرتے ہیں صنوبر کی غیر معمولی مدد کی جبکہ کریم النساء اپنے گھر میں ہی کرانہ کی چھوٹی سی دکان چلاتی ہیں۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے کاروبار میں کریم النساء بیگم کی مدد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ سیدہ صنوبر خانم کا یہ بھی کہنا تھا کہ نونہال ہائی اسکول تعلیم گھر ضلع جگتیال کے عبدالرحیم صاحب نے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ عامر علی خان سے ملاقات کروائی اور پھر عامر علی خان صاحب نے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ان کی امداد کو یقینی بنایا۔ صنوبر کے مطابق وہ صبح و شام مطالعہ کرتی ہیں اور اللہ نے انہیں کامیابی عطا کی۔ صنوبر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اور ان کی امی ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خان، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کے حق میں دعا گو رہیں گے جنہوں نے ان کی غیر معمولی مدد کی اور حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں صنوبر نے مسلم والدین کو مشورہ دیا کہ وہ غربت سے نہ گھبرائیں اپنے حوصلے بلند رکھیں اللہ تعالیٰ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ جیسے اداروں کو ان کی مدد کیلئے کھڑا کردیگا۔ صنوبر کی حوصلہ افزائی کے موقع پر فیض عام ٹرسٹ کی مجلس عاملہ کے رکن سید حیدر علی بھی موجود تھے۔
