تباہ حال تاجر محمد جاوید کا حیدرآبادیوں کے جذبہ انسانیت کو سلام
حیدرآباد ۔ اگر کوئی شخص زندگی بھر بڑی جدوجہد کے بعد ایک گھر تعمیر کرتا ہے اور کاروبار کا آغاز کرتا ہے کاروبار کو فروغ حاصل ہوتا ہے لیکن اچانک اس کے گھر کو نذرآتش کردیا جاتا ہے ۔ اس کے کاروبار کو برباد کردیا جاتا ہے تو اس کاکیا حال ہوگا ۔ ایسا ہی دہلی فسادات میں توشک کا کاروبار کرنے والے محمد جاوید الدین کے ساتھ ہوا ۔ اس شخص نے تقریبا 6 دنوں تک اپنے گھر اپنے کاروبار کو جلتا ہوا تباہ و برباد ہوتا ہوا دیکھا ۔ کسی نے جاوید کی مدد نہیں کی۔ کوئی مدد کیلئے آگے نہیں بڑھا ۔ انہوں نے بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے رب ذالجلال پر بھروسہ کرتے ہوئے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش کی اور اس کوشش میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے جاوید صاحب کی بھرپور مدد کی۔ واضح رہے کہ جاریہ سال فروری میں دارالحکومت دہلی میں ایسے وقت مسلم کش فسادات پیش آئے تھے جس میں تقریبا 53 افراد اپنی زندگی سے محروم ہوئے اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ۔ لاکھوں کروڑہا روپئے مالیتی املاک کا نقصان ہوا ۔ ان حالات میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے دہلی فسادات متاثرین کی مدد کا بیڑا اٹھایا اور اس کار خیر میں جہاں حیدرآباد اور دنیا بھر میںپھیلے روزنامہ سیاست کے قارئین اور سیاست ٹی وی کے ناظرین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ وہیں فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان نے دل کھولکر مدد کی۔ نتیجہ میں کئی متاثرہ تاجرین نے کاروبار شروع کیا ۔ بہرحال محمد جاوید الدین کے مطابق سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی مدد سے انہوں نے اپنے کاروبار کا دوبارہ آغاز کیا ہے ۔ انہیں امید ہے کہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کو مستحکم کریں گے ۔ انہیں امید تو نہیں تھی کہ آئندہ دس برسوں میں وہ ماضی کی طرح کاروباری طور پر مستحکم ہوں گے ۔ لیکن انہوں نے سخت محنت کا تہیہ کرلیا ہے ۔ محمد جاوید کی جن حیدرآبادی عوام نے مدد کی ہے ان کا خاندان ان لوگوں کے حق میں دعاگو ہے ۔ محمد جاوید نے نہ صرف ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرس جناب افتخار حسین کے ساتھ ساتھ ہمدردانہ ملت بالخصوص حیدرآبادیوں کو ان کے جذبہ ملی کیلئے سلام کیا ہے ۔