٭ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں 18 سال سے کارخیر کا سلسلہ جاری
٭ جمعرات کو جامع مسجد دارالشفاء میں 7 میتوں کی نماز جنازہ
حیدرآباد: 19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تصور کیجئے کہ نامعلوم مسلم مرد و خواتین کی نعشوں کو لاوارث نعشوں میں شمار کرکے کسی شمشان گھاٹ میں نذر آتش کردیا جائے یا پھر ان نعشوں کو باوقار و بااحترام طریقہ سے تجہیز و تکفین عمل میں لانے کی بجائے انہیں شہر سے دور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں دبادیا جائے تو ہمیں کتنا برا لگے گا۔ ہمارا ضمیر ہمیں ملامت کرتے ہوئے یہ ضرور پوچھے گا کہ تم کیسے مسلمان ہو اپنے مسلم بھائی بہن کی میتوں کی تجہیز و تکفین بھی نہیں کرسکتے؟ ان کے غم میں شریک نہیں ہوسکتے؟ اللہ عزوجل کا شکر و احسان ہے کہ اس نے حیدرآبادیوں کے اذہان و قلوب میں محبت مروت ہمدردی ایثار و خلوص اور دوسروں کی مدد بالخصوص ضرورت مندوں کی مدد کا پاکیزہ جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔ اس معاملہ میں روزنامہ سیاست اس کے ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں اور سیاست ملت فنڈ پر اللہ عزوجل کا خاص فضل و کرم رہا ہے جس کے لیے اللہ عزوجل کے حضور جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ یہی جذبہ ہے کہ سیاست ملت فنڈ کی جانب سے تاحال تقریباً 5500 نامعلوم مسلم مرد و خواتین نوجوانوں اور بچوں کی نعشوں کی تجہیز و تکفین عمل میں آچکی ہے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے 2003ء میں نامعلوم مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کی تحریک شروع کی تھی۔ چنانچہ 2003ء سے اب تک ماہانہ اوسطاً 20 تا 25 نامعلوم مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کی جاتی ہے اور شہر و مضافات کے مختلف قبرستانوں میں ان کی نماز جنازہ ادا کرکے تدفین عمل میں لائی جاتی ہے۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کو حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مکتوب موصول ہوتے ہیں جس میں نامعلوم مسلم مرد و خواتین کی نعشوں کی تجہیز و تکفین کی درخواست کی جاتی ہے۔ سیاست ملت فنڈ ہمدردانہ ملت کے تعاون و اشتراک سے یہ خدمت انجام دے رہا ہے ورنہ 2003ء سے قبل نامعلوم مسلم مرد و خواتین کی نعشوں کو ورثاء نہ ملنے پر نذر آتش کردیا جاتا تھا۔ اسی سلسلہ میں سیاست ملت فنڈ کے عطیہ دہندگان قابل تعریف ہیں۔ امید ہے کہ اللہ عزوجل انہیں اس کارخیر کا بہترین اجر عطا کرے گا۔ واضح رہے کہ اس کار خیر میں سابق اسسٹنٹ سب انسپکٹرسید زاہد حسین شاہ قادری کا اہم کردار رہا ہے اور وہ 18 برسوں سے اس نیک کام میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف رہتے ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ مولانا محمد حمید الدین عاقل حسامی، مولانا قبول پاشاہ شطاریؒ، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد، امیر جامعہ نظامیہ مولانا اکبر نظام الدین، مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم، مولانا غلام نبی شاہ نقشبندیؒ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی، مولانا ارشد قاسمی، مولانا جعفر پاشاہ اور دوسرے علماء و مشائخین نے ان نامعلوم مسلم میتوں کی نماز جنازہ پڑھا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو جامع مسجد دارالشفاء میں 7 نامعلوم مسلم میتوں کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ نماز ظہر دیڑھ بجے ہوگی۔ مولانا قاری محمد عبدالباری نماز جنازہ پڑھائیں گے اور سید خواجہ معزالدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی دعائے مغفرت کریں گے۔ سید زاہد حسین شاہ قادری کے مطابق اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے جناب محمد عبدالجلیل نے جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں فون پر بتایا کہ دوران طواف انہوں نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لیے بطور خاص دعا کی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ حرم شریف میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ان کے ارکان خاندان کے لیے بھی دل سے دعائیں نکلیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سید زبیر ہاشمی، سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل، سمیع اللہ خاں، محمد جعفر، محمد افسر، عنایت اللہ خان، عبدالجبار، محمد اقبال، شیخ عبدالعزیز، عثمان الحاجری، محترمہ بشری تبسم، محترمہ فہیم النساء اس نیک کام میں حصہ لیتے ہیں۔