سیاست میں دولت کے استعمال سے کانگریس پارٹی کو شکست

   

Ferty9 Clinic


ہائی کمان سے عنقریب ملاقات، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے تلنگانہ کی سیاست میں دولت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں دولت کے استعمال کا رجحان نہیں تھا جبکہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے یہ کلچر فروغ دیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابات میں دولت کی کمی کے نتیجہ میں شکست سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دولت اور طاقت کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کا کلچر ٹی آر ایس کی دین ہے۔ گزشتہ سات برسوں میں ٹی آر ایس نے عوامی خدمات کے بجائے ووٹ خریدنے پر توجہ دی۔ انہوں نے دولت اور طاقت کے کلچر کو سماج کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ حقیقی خدمات گزار انتخابات میں منتخب نہیں ہوسکتے۔ کانگریس نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ حالیہ گریٹر بلدی انتخابات میں بی جے پی نے بھاری رقومات خرچ کیں ۔ کانگریس کے پاس دولت نہیں ہے جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے اصول پسندی کی سیاست کا خاتمہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدرپردیش کانگریس کے تقرر کے بعد کانگریس پارٹی پوری شدت کے ساتھ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے نئے پردیش کانگریس کا تقرر کیا جانا چاہئے ۔ ہائی کمان جو بھی فیصلہ کرے گا تمام قائدین اسے قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملاقات کا وقت ملتے ہی ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور سابق وزراء نئی دہلی روانہ ہوں گے۔