دیویندر فڈنویس پر یکناتھ کھڈسے کی تنقید
ممبئی : مہاراشٹرا بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس پر شدید تنقید کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر یکناتھ کھڈسے نے کہاکہ بعض لوگ سیاست میں نووارد ہونے کے باوجود سینئرس کو سیاست کرنے کا سبق سکھارہے ہیں۔ فڈنویس 15 سال قبل ہی سیاست میں قدم رکھے ہیں۔ اب وہ ہمیں سیاست کس طرح کرنا چاہئے کا درس دے رہے ہیں۔ بی جے پی ۔ شیوسینا نے 2014 ء کے ریاستی اسمبلی انتخابات کا علیحدہ علیحدہ مقابلہ کیا تھا، ہمیں کوشش یہ رہی تھی کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ اکثریت حاصل ہو۔ تاہم جو لوگ 15 سال قبل سیاست میں قدم رکھے ہیں، ہمیں درس دے رہے ہیں۔ عوام کو اس طرح کی حرکتیں پسند نہیں۔ ہم یقینی طور پر واپس آئیں گے۔ بی جے پی اور شیوسینا نے 2019 ء میں متحدہ طور پر انتخابی مقابلہ کیا تھا لیکن بی جے پی پیچھے رہ گئی اور شیوسینا کو 105 نشستوں کی اکثریت حاصل ہوگئی۔ بی جے پی 56 نشستوں سے حکومت نہیں بناسکی۔ تاہم شیوسینا نے بی جے پی کے ساتھ اپنے تین دہوں پرانے سیاسی تعلقات کو منقطع کرلیا اور کانگریس این سی پی کی مدد سے حکومت تشکیل دی تھی۔ یکناتھ کھڈسے دیویندر فڈنویس کے شدید ناقد ہیں۔