سیاست و ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام

   

3 نومبر کو ٹولی چوکی میں مقرر، جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست صدارت کریں گے
حیدرآباد 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے رشتوں کے ضمن میں سیاست اور ملت فنڈ کی کوشش جو ثمرآور ثابت ہوئی، 100 ویں پروگرام تک پہونچنے اور والدین کو رشتوں کے ضمن میں آسانی و راحت پہنچانے میں کامیاب ہورہی ہے۔ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 100 ویں دو بہ دو ملاقات پر مدیران سیاست کو ریاست، ملک اور اقطاع عالم سے مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ اسی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے اتوار 3 نومبر کو ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں پروگرام رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست و سرپرست اعلیٰ ملت فنڈ صدارت کریں گے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز شرکت کریں گے۔ والدین وقت مقررہ شادی خانہ (ٹولی چوکی) پہنچ جائیں تاکہ وہ باہمی تبادلہ خیال کے ذریعہ رشتوں کے سلسلہ میں بات چیت کرسکیں جہاں کم تعلیم یافتہ، ایس ایس سی تا اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈگریوں کے لئے کاؤنٹرس کا نظم ہے۔ تجربہ کار والینٹرس والدین کی رہبری و رہنمائی رہے گی۔ ان کاؤنٹرس میں ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ایم ڈی، بی فارمیسی، عقدثانی، معذورین اور تاخیر سے ہونے والے لڑکوں اور لڑکیوں کے علاوہ دیگر فنی کورسیس سے وابستہ لڑکوں اور لڑکیوں کے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرس پر بائیو ڈاٹاس دستیاب رہیں گے۔ والدین اس پروگرام میں تشریف لائیں تو اپنے ساتھ بائیو ڈاٹا کی کاپیز اور زیادہ فوٹوز رکھیں اور شادی خانہ میں داخل ہوتے ہی رجسٹریشن کروالیں۔ انھیں رجسٹریشن کارڈ دیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ روزانہ سیاست کے احاطہ (عابڈس) میں دفتر ملت فنڈ پر بھی اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے رشتوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ جن والدین نے پہلے ہی رجسٹریشن کروالیا ہے۔ انھیں دوبارہ رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں بلکہ کارڈ کے ساتھ فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز کو ضرور ساتھ رکھنا ہوگا۔ دو بہ دو پروگرام میں کمپیوٹر کاؤنٹر کا بھی نظم رہے گا اور ساتھ میں آن لائن فوٹوز اور بائیو ڈاٹا رجسٹریشن کروانے کی سہولت بھی رہے گی۔ دو بہ دو پروگرام کو شہر حیدرآباد، ملک کی ریاستوں اور عالمی سطح تک پہنچانے کے لئے راست ٹیلی کاسٹ، یو ٹیوب، فیس بُک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا تاکہ بیرونی ممالک میں موجود لوگ اس پروگرام کو آسانی سے دیکھ سکیں۔ مزید تفصیلات کے لئے جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام فون نمبر 9391160364 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔