حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز)لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شعبہ تعلیم کا ہے ۔ والدین فکر مند ہیں تو طلبہ اپنے مستقبل کی تعلیم اور حالات سے دوچار نظر آتے ہیں۔ تعلیم کے تمام شعبے بند ہیں امتحانات کی تیاریوں کو لیکر طلبہ میں ایک نفسیاتی خوف پیدا ہو رہا ہے ۔ ایسے ہنگامی حالات کے پیش نظر مختلف تعلیمی مسائل پر سیاست ٹی وی کی جانب سے سیاست کیرئر گائیڈنس کے طور پر پروگرامس کا ٹیلی کاسٹ کیا جارہا ہے۔ طلباء کی حوصلہ افزائی اور مختلف لائحہ عمل کیسے اختیار کریں اور اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو کس طرح جاری رکھیں اور خود اعتمادی کو اپنے اندر کیسے پیدا کریں چونکہ اب صرف سرکردہ تعلیمی ادارے طلبہ کے کورس مابقی اسباق کو صرف آن لائن، کلاسس کے ذریعہ مکمل کررہے ہیں اور اس میں جو مسائل درپیش ہے ان کا بھی ان پروگرامس میں احاطہ کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ سیاست ٹی وی کی جانب سے سیاست کیریئر گائیڈنس ہفتہ واری پروگرام گزشتہ سال شروع کیا گیا ہے اور طلبہ اور تعلیمی اداروں نے اس کی بھرپور ستائش کی ہے اور مختلف موضوعات کے تحت پروگرامس کو سراہا بھی گیا ہے۔ ان پروگرامس کو دیکھتے ہوئے طلبہ اپنے کئی سوالات کے جوابات پاسکتے ہیں۔