سیاست ٹی وی کا پانچ سالہ سفر

   

Ferty9 Clinic

سیاست ٹی وی کا پانچ سالہ سفر
محمد فرزان احمد
سیاست ٹی وی
اللہ رب العزت کا بے پایاں فضل ‘ احسان اور کرم ہیکہ آج 15 اگست ‘ 2023ء کو سیاست ٹی وی نے پانچ سال کا سفر مکمل کرلیا ہے۔ یہ بات ہر کسی کو معلوم ہے کہ اردو زبان کیلئے ہر دور میں چیلنجس رہے ہیں ، اور مستقل مزاجی کے ساتھ اردو کی خدمت کرنا اخبار چلانا اور ٹی وی چینل چلانا اور پابندی سے ناظرین کو خبروں اور دیگر پروگرامس سے روشناس کرو اتے رہنا ایک بڑا اہم اور غیر معمولی کام ہے جو ادارۂ سیاست سے اللہ تعالی لے رہا ہے جس کیلئے ہم سب بارگاہ خداوندی میں اظہار تشکر کرتے ہیں۔ روزنامہ سیاست کا ایک وقار ہے‘ بھروسہ ہے اور قابل بھروسہ خبریں ہی شائع کی جاتی ہیں یہی وجہ ہیکہ دنیا بھر میں یہ ایک مقبول اخبار بن کر ابھرتا رہا ہے ۔ٹھیک اسی معیار کو قائم رکھتے ہوئے ‘سیاست ٹی وی نے بھی اپنے پانچ سالہ محدود سفر کے دوران اپنی ایک منفرد اور قابل بھروسہ پہچان بنا لی ہے ۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی اور نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب عامر علی خان صاحب کی راست نگرانی نے سیاست ٹی وی کی راہ میں حائل دشواریوں کو ختم کیا جس کی بدولت سیاست ٹی وی معیاری خبریں ‘نیوز بلیٹنس اور دیگر متعدد پروگرامس پابندی کے ساتھ نشر کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔
پانچ سال قبل آج ہی کے دن یعنی 15 اگست 2018ء کو جب ادارہ سیاست نے سیاست ایپ ٹی وی کی شروعات کی تھی تو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ پانچ سالہ سفر میں یہ ایک تناور درخت بن جائے گا ۔ سیاست ایپ کی لانچنگ کے بعد سیاست کیبل ٹی وی شروع ہوا جو ہیتھ وے پر دستیاب ہے ‘ بتدریج سیاست ٹی وی عوام میں مقبول ہوتا گیا اور پھر وقت کے اہم اور ناگزیر پلیٹ فارم سوشل میڈیا کے عروج کے ایام میں‘سیاست ٹی وی نے اپنی ایک منفرد پہچان بنالی ہے۔ آج صرف یو ٹیوب پر سیاست چینل کے قریب چار لاکھ سبسکرائبرس ہیں اور فیس بک پر تقریبا ایک لاکھ چاہنے والے سیاست ٹی وی کے پروگرامس اور نیوز بلیٹنس دیکھنے کے لیے بے تاب‘ رہتے ہیں اس کے علاوہ انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے ذریعہ بھی انتہائی تیزی کے ساتھ‘ خبریں پہونچائی جاتی رہی ہیں۔خداوند کریم کا شکرہے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت ہمیشہ شامل حال رہی۔ ایک ایسے وقت میں جبکہ کورونا وبا نے دنیا بھر کی رفتار روک دی تھی اور معمول کے مطابق کام کرنا دشوار ترین مرحلہ تھا اس وقت بھی سیاست کے صحافیوں نے اپنی ذمہ داری کو ادا کرنے میں کوئی تساہل نہیں برتا اور پابندی کے ساتھ سیاست ایکسپریس ‘ سیاست پرائم ٹائم ‘ قومی خبرنامہ اور عالمی خبرنامے کے ذریعہ ناظرین تک تازہ ترین خبریں ذمہ دارانہ انداز میں پہونچانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ یہی وجہ ہیکہ لاک ڈاؤن کے دوران سیاست ٹی وی کے صرف یو ٹیوب پر نیوز بلیٹنس نے ایک ریکارڈ قائم کیا اور چار لاکھ تا پانچ لاکھ لوگوں نے روزانہ سوشل میڈیا پر سیاست چینل پابندی سے دیکھا۔ اب جبکہ اور 15 اگست 2023ء کا دن ہے ‘ سرسری نظر ڈالیں تو سیاست ٹی وی کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔آج پانچ سال گذرجانے کے باوجود ‘ ادارہ سیاست کے ذمہ داران کی جہد مسلسل اور صحافیوں کی انتھک کوششوں کی وجہ سے سیاست ٹی وی اپنے عروج کی مسلسل داستان رقم کر رہا ہے۔ سیاست ٹی وی نے جہاں ایک جانب پرائم ٹائم اور دیگر نیوز بلیٹنس کے ذریعہ اپنی منفرد پہچان بنائی وہیں ، جناب عامر علی خان صاحب کے خصوصی پروگرام فکر و نظر نے ملک کے سلگتے اور حساس معاملات‘ سے جڑے مسائل پر مشتمل ‘ پے درپے پروگرامس کے ذریعہ ایک اہم شناخت حاصل کرلی ہے ‘اس کے علاوہ تفریح اور طنز و مزاح سے بھر پور پروگرامس مذہبی پروگرامس ‘خبر و خیال، انٹرویوز ‘ فلمی دنیا‘ کیریر گائیڈنس اور حیدرآبادی ستارے اور دیگر پروگرامس کے ذریعہ ناظرین کرام کے دلوں میں ایک مخصوص جگہ بنائی ہے ۔ ہمیںیقین ہیکہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور اللہ کی مدد ہمیشہ شامل حال رہے گی۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے کیا خوب کہا تھا :
جھپٹنا پلٹنا ‘ پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے ایک بہانہ