سیاست ٹی وی کی آج پہلی سالگرہ

,

   

Ferty9 Clinic

روزنامہ سیاست کی طرح سیاست ٹی وی بھی ملت مظلوم کی آواز سننے میں کامیاب
ایک سال کے دوران بے شمار پروگرامس، ملک و بیرون ملک ناظرین کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی

حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) ارادہ نیک اور عزائم بلند ہوں تو مشکل راہیں بھی آسان ہوجاتی ہیں اور رکاوٹیں خود آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے راستہ بنانے لگتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ روزنامہ سیاست اور اس کے ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کے ساتھ ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ مظلوموں و کمزوروں کی تائید و حمایت کی ہے اور اپنے اخبار کو اقلیتوں و کمزور طبقات کی آواز میں تبدیل کیا یہی وجہ ہیکہ سارے ملک میں روزنامہ سیاست کو اخبار کے ساتھ ساتھ ایک تحریک بھی کہا جاتا ہے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے عالمی سطح پر الیکٹرانک میڈیا کے بڑھتے اثر کو محسوس کرتے ہوئے سیاست ٹی وی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا اور اللہ عزوجل نے انہیں اپنے اس منصوبہ میں کامیابی بھی عطا فرمائی چنانچہ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان نے اپنے والد محترم کے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سیاست ٹی وی کو منظرعام پر لایا اور آج سے ٹھیک ایک سال قبل یعنی 15 اگست 2018ء کو سیاست ٹی وی کے آغاز کو یقینی بنایا ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں 15 اگست 2018ء کو سیاست ٹی وی کا افتتاح عمل میں آیا۔ سب سے پہلے مقامی خبروں کے ایک بلیٹن سے نشریات کا آغاز ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے سیاست ٹی وی کو ملک و بیرون ملک عوام کی غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ مقامی خبروں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی خبروں کے بلیٹن بھی شروع کئے گئے اور پھر ہر گھنٹہ ایکسپریس نیوز پیش کی جانے لگی۔ اردو ناظرین کو حالات حاضرہ بالخصوص ملک کے موجودہ حالات سے باخبر رکھنے کیلئے خبروخیال کے زیرعنوان خصوصی پروگرام شروع کیا گیا جسے ناظرین نے بہت پسندکیا۔ دوسری طرف ملت کو ایک نئی سوچ نئی فکر دینے کی خاطر نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خان کے ساتھ ’فکرونظر‘ پروگرام بھی شروع کیا گیا جس کی ناظرین نے زبردست ستائش کی اور اسے وقت کی ایک اہم ضرورت قرار دیا۔ آمنے سامنے پروگرام بھی ملت مظلوم میں ایک نیا جذبہ عزم و حوصلہ پیدا کرنے کے ارادہ سے شروع کیا گیا جس میں سیاستدانوں، ہمدردان ملت، سرکاری بورڈس کے صدور، آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں، حالات کی ستائی ہوئی ماؤں کے انٹرویوز پیش کئے جاتے ہیں۔ سیاست ٹی وی کا پروگرام ڈاکٹر سے ملاقات بھی ناظرین کا پسندیدہ پروگرام ہے جبکہ کیریئر گائیڈنس پروگرام کے ذریعہ طلباء و طالبات کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جاتی خاص کر ایس اسی سی اور انٹرمیڈیٹ کے بعد طلبہ کیا کریں اس ضمن میں ان کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی یو ایم ایس، بی اے ایم ایس، بی ایچ ایم ایس اگریکلچر افزائش مویشیاں، انجینئرنگ آرکٹکچر، بی بی اے، ایم بی اے، ایل ایل بی اور دوسرے پیشہ ورانہ کورسیس میں داخلہ کیسے حاصل کئے جائیں اس تعلق سے بہت ہی تفصیل سے بتایا جاتا ہے۔ سیاست ٹی وی کی ابتداء قرأت کلام پاک معہ ترجمہ و تفسیر ہوتی ہے اور یوم جمعہ خصوصی پروگرامس پیش کئے جاتے ہیں جنہیں لوگ کافی پسند کرتے ہیں۔ قارئین آپ کو بتادیں کہ ایک سال کے عرصہ میں سیاست ٹی وی کے سبسکرائبرس کی تعداد 1.11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امیتابھ بچن جیسے میگاسٹار اہم سیاسی قائدین اور دانشور سیاست ٹی وی کے بعض پروگرامس پر ٹوئیٹ بھی کرتے ہیں۔ فیس بک، یوٹیوب اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمس پر بھی سیاست ٹی وی کے پروگرامس کا ناظرین بڑی دلچسپی سے مشاہدہ کرتے ہیں۔ سیاست ٹی وی کی پہلی سالگرہ کی مسرت میں تین نئے پروگرام حیدرآبادی ستارے، قانون کی آواز اور روشن چہرے شروع کئے جارہے ہیں۔ قانون کی آواز پروگرام میں ممتاز قانون داں عثمان شہید ایڈوکیٹ نے قانونی مسائل پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی ہے۔ بہرحال سیاست ٹی وی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سیاست گروپ اپنے ناظرین اور قارئین سے اظہارممنونیت کرتے ہیں اور ہماری یہی خواہش ہیکہ آنے والے دنوں میں مزید پروگرامس پیش کئے جائیں۔ ہم یہاں دنیا بھر میں پھیلے ناظرین سیاست کی خدمت میں بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اپنی کامیابیوں کیلئے سیاست ٹی وی کی ٹیم کو بھی ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہیں۔