سیاست کوسچن بنک سے کامیابی کے تناسب میں 80 فیصد سے زائد اضافہ

,

   

کتاب سے استفادہ کرنے ایس ایس سی طلبہ کو مشورہ، انگلش میڈیم کوسچن بنک کی رسم اجرائی، جناب زاہد علی خاں اور پروفیسر محمد اکبر علی خاں کا خطاب

حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) ایس ایس سی اسکولی تعلیم کا اہم امتحان ہے اور اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے کئی راہیں نکلتی ہیں، جن اسکولس کے نتائج صفر یا انتہائی کم ہوتے ہیں ادارہ ’سیاست‘ کے ایس ایس سی کوسچن بنک کی اشاعت کے بعد ان کے تناسب میں کافی اضافہ ہوا اور آج 80 فیصد یا زائد کامیابی کا تناسب ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ نے یہاں سیاست گولڈن جوبلی ہال میں ایس ایس سی کوسچن بنک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر طلبہ اس کتاب سے بھرپور استفادہ کریں گے تو نہ صرف وہ کامیاب ہوں گے بلکہ ان کے نشانات بھی اچھے سے اچھے رہیں گے۔ ادارہ ’سیاست‘ کی مختلف سرگرمیوں میں یہ بھی ایک حصہ ہے، یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ لڑکیوں کی طرح لڑکوں کو بھی تعلیم میں دلچسپی لینے کی ضرورت ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دیگر قوموں میں تعلیم کا اچھا رجحان ہے، ملت کو بھی تعلیمی شعبہ میں اچھا مظاہرہ کرنا ہوگا۔دو حیدرآبادی لڑکیاں نرمل آئی ٹی میں داخلہ پائیں جن کی ’سیاست‘ نے مالی اعانت کی اور دس سال قبل ایک حیدرآبادی مسلم طالبہ نے ایس ایس سی میں ٹاپ کیا اور سیاست گولڈ مڈل حاصل
کیا، پھر آئندہ انٹر ٹاپ کرلیتے ہوئے سیاست گولڈ مڈل اور ٹاپ انجینئرنگ کی تعلیم کے بعد اب لاکھوں روپئے کمارہی ہے۔

ان حوالہ جات سے انہوں نے نئی نسل کو اور طلبہ کو حوصلہ افزائی حاصل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو درخشاں بنانے کا مشورہ دیا۔ ایس ایس سی سال 2019 کا انگلش میڈیم کوسچن بینک 400 صفحات پر مشتمل ہے اور ادارہ ’سیاست‘ اور عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام تلگو اور اردو میڈیم کے کوسچن بنک بھی شائع کرکے مفت تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر محمد اکبر علی خاں سابق وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں کہا کہ ہر بچہ میں صلاحیت ہوتی ہے اس کو اُبھارنے کیلئے اس کا صحیح استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے ادارہ ’سیاست‘ کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کوسچن بنک کی اشاعت اور فری تقسیم کو ادارہ کی فلاحی خدمات کے سلسلہ کی کڑی قرار دیتے ہوئے ملت کو صحیح اور بھرپور استفادہ کی تلقین کی ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کی شخصی خدمات کی بھی ستائش کرتے ہوئے انھیں ملت کا عظیم سپوت قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں آگے آنے کی ضرورت ہے اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اُبھار کر ترقی کی جاسکتی ہے۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے جو اس کوسچن بنک کے مرتب کردہ ٹیم کے نگرانکار ہیں کہا کہ مضامین کے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور ادارہ ’سیاست‘ کی جانب سے انہیں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کے ہاتھوں توصیف نامے پیش کئے گئے اور شال پوشی کی گئی۔ ڈاکٹر عبدالوکیل نے بھی تقریر کی۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر حافظ قاری صابر پاشاہ کی قرأت سے ہوا اور بوسٹن مشن اسکول، ماڈل ہائی اسکول کے طلبہ نے نعت اور دعا پیش کی۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر بدر بن عبداللہ حیدرآباد مشن اسکول ، امجد علی اقراء اسکول، خالد انصاری خواجہ معین، جناب خلیل قادری موجود تھے۔ ماجد انصاری ، عبدالرفیع موجود تھے۔ ایم اے حمید نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔