غریب، مظلومین کی حمایت کیلئے جناب ظہیر الدین علی خاں کے مشن کو سب مل کر آگے بڑھائیں: عامر علی خاں
OO مرحوم، انقلابی شخص تھے:سید نجیب علی
OO جمہوریت کے خلاف آواز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا : طاہر بن حمدان
OO ملت کے حالات کی تبدیلی کیلئے مرحوم کی جدوجہد یادگار: عبدالعزیز
OO نظام آباد میں تعزیتی اجلاس سے مختلف شخصیتوں کا خطاب
نظام آباد :2؍ ستمبر ( محمد جاوید علی) جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے سانحہ ارتحال پر صدائے اُردو وسائٹی کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر ظہیر الدین علی خان کی سماجی ، ملی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ صدائے اُردو سوسائٹی صدر مرزا افضل بیگ کی صدارت میں منعقد ہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان نے کہا کہ ملک کی تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مرحوم عابد علی خان ، محبوب حسین جگر نے اپنی سرکاری ملازمت کو خیر آباد کرتے ہوئے قوم و ملت کی رہنمائی کیلئے روزنامہ سیاست کا قیام عمل میں لایا تھا ، اور اس کے بعد سے روزنامہ سیاست اس کام کو جاری رکھا ہوا ہے ۔ مسلمانوں کو اس ملک میں رہنا ہے اپنی زندگی گذارنا ہے اور اس کیلئے روزنامہ سیاست کی جانب سے رہنمائی کی جارہی ہے ۔ مسٹر عامر علی خان نے کہا کہ فسطائی طاقتوں مسلمانوں کے وجود کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو سیاست اخبار اس کا دفاع کرتے ہوئے ہمیشہ آگے رہا ۔ 1992 ء سے ایس سی ، ایس ٹی و دیگر طبقات کو ساتھ لیکر مساوات کی ایک مثال قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مرحوم ظہیر الدین علی خان کی دلی خواہش بھی یہی تھی اور آخر دم تک اس بات کی جدوجہد کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ غریب اور مظلوموں کی حمایت اسلام کا ایک اہم سبق رہا جس کی جانب مرحوم کی کوشش رہی اس طریقہ سے مسلمانوں کی معاشی و تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ادارہ سیاست کی جانب سے محبوب حسین جگر ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اُردو زبان کے فروغ کیلئے اُردو دانی پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت 10لاکھ افراد نے اُردو دانی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اُردو زبان میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے اُردو دانی کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی اور روزگار سے بھی جڑ گئے ۔ گذشتہ 20سالوں سے روزنامہ سیاست کی جانب سے جو کام انجام دئیے جارہے ہیں شائد کسی بھی پارٹی نے یہ کام انجام نہیں دی ہے جناب ظہیر الدین علی خان کی یہ خواہش تھی کہ قوم و ملت کا کام کرتے ہوئے دار فانی سے کوچ کریں اورایسا ہی ہوا ۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ ظہیر الدین علی خان کی جانب سے شروع کردہ مشن کی تکمیل کیلئے سب مل کر آگے بڑھیں۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے قوم وملت کے کام کرنے کیلئے تمام افراد کا تعاون ناگزیر ہے ۔ اس موقع پر طاہر بن حمدان نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اس ملک میں جب بھی جمہوریت کیخلاف آواز اٹھی مرحوم نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مرحوم کے جو کام تشنہ طلب ہیں اسے پورا کرنے کی کوشش کی جائے ۔ عبدالعزیز صدر ایم پی جے نے کہا مرحوم صرف اپنے ملک میں ہی مقبول نہیں بلکہ ساری دنیا میں مقبول تھے کیونکہ ان کے کام اور ان کی فکر کچھ ایسی ہی تھی اُردو زبان کی حفاظت کا سہرہ مرحوم کے سرجاتا ہے اور اسی طرح حالات کو تبدیل کرنے کیلئے جدجہد کرنے والوں میں ایک اہم کام مرحوم کا بھی ہے گویا انہوں نے بتایا دیا ہے مرا قلم تو امانت ہے مرے لوگوں کی ۔ سید نجیب علی سابق رکن بورڈ آف گورنر اُردو اکیڈیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک انقلابی شخص تھے ان کے پاس ملت کیلئے عجیب و غریب منصوبے تھے ، انہوں نے سیاست اخبار کو ایک تحریک میں تبدیل کیا وہ ایک صحافی بھی تھے جس کا کام ملت کی زبوں حالی کو سامنے رکھتے ہوئے اس کا معقول علاج کرنا تھا، مرحوم نے یہ کام بہت خوبصورتی کے ساتھ گجرات فسادات کے محروسین کیلئے ایک امید کی کرن بن کر ثابت ہوئے اور ان کا ہر ممکن تعاون کیا اسی کے ساتھ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے بیڑہ اٹھایا اور تادم آخر اسی فکر میں رہے کہ امت کا یہ اثاثہ محفوظ ہو ۔ انہوں نے جناب عامر علی خان کو مشورہ دیا کہ مرحوم کے چھوڑے ہوئے کاموں کو پائے تکمیل تک پہونچانے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔ مرزا افضل بیگ تیجان صدر صدائے اُردو نے کہا کہ آزادی کے بعد جناب عابد علی خان اورجناب محبوب حسین جگر نے حالات کو سمجھتے ہوئے روزنامہ سیاست کو ایک تحریکی شکل دی یہ اپنے زمانے کے انمول ہیرے تھے، انہوں نے اخبار کے ذریعہ تعلیمی پسماندگی کیخلاف آواز اٹھائی جس میں انہیں بہت جلد کامیابی ملی ،مرحوم کو انہوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سینے میں ملت کیلئے ایک دھڑکتا دل تھا جو فکر انہیں روز کھائے جاتی تھی ۔ اس موقع پر صدر جمعیت علماء حافظ لئیق نے خطاب کرتے ہوئے روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرام اور جناب ظہیر الدین علی خان کی خدمات کو زبردست خراج پیش کیا ۔پروگرام کا آغاز قرأ ت کلام پاک سے ہوا ۔ جلسہ کی کارروائی سمیع امان نے چلائی اور مولانا عبدالقدیر حسامی صحافی نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔ اس موقع پر ایڈیٹر روزنامہ نظام آباد مارننگ ٹائمز اشفاق احمد خان، سینئر صحافی احمد علی خان ،خالد خان صدر اُردو پریس کلب ، محمد یوسف الدین خان سینئر صحافی، محمد بلیغ احمد اسٹا ف رپورٹر روزنامہ منصف ، محمد انور خان ایڈیٹر ہلچل تلنگانہ ، محمد جاوید اکرم قائد کانگریس و سابق صدر وقف کمیٹی ، شیخ علی صابری صدر فیض العلوم سوسائٹی نظام آباد ، محمد فیاض الدین انچارج صدر سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی ، سعداللہ مالاپلی ،محمد ضیاء کانگریس ، محمد مصعیب، ایوب شکاری ، رفیق قریشی قائد بی آرایس، سمیر احمد قائد بی آرایس و دیگر بھی موجود تھے۔