’ سیاست ‘ کے زیر اہتمام 7 نومبر کو دوبدو ملاقات پروگرام

   

رشتوں کے انتخاب کے لیے والدین اور سرپرستوں کو سہولیات کی فراہمی ، تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے علحدہ علحدہ کاونٹرس کا انتظام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( دکن نیوز ) : سیاست و ملت فنڈ کے زیر اہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کی انجام دہی کے لیے رشتوں میں آسانی پیدا کرنے والدین اور سرپرستوں کا 108 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 7 نومبر 10 بجے دن تا 4 بجے شام کشش کنونشن میٹرو ریلوے اسٹیشن پلر نمبر 1061 ، مشیر آباد حیدرآباد میں منعقد ہوگا ۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر اس پروگرام کے دونوں شہروں میں انعقاد میں تاخیر ہوئی ہے جس کی وجہ سے والدین مضطرب تھے کہ دوبارہ اس پروگرام کا آغاز ہو ۔ جس کے لیے یہ دوبدو ملاقات پروگرام شہر کے مرکزی مقام مشیر آباد میں رکھا گیا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست صدارت کریں گے جب کہ جناب سید نعیم الدین پروپرائٹر کشش کنونشن ، جناب امجد کرسٹل انفرا منیجنگ ڈائرکٹر ، جناب محمد فاروق کرسٹل انفرا چیرمین بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ جناب سید خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام نے بتایا کہ کشش کنونشن میں اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں ۔ جس میں والدین کو حسب سابق پروگرامس کی طرح رشتوں کے طئے کرنے میں آسانیاں اور والدین سے باہمی مشاورت کے لیے راہیں ہموار کی جائیں گی۔ اس کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے مختلف کاونٹرس ترتیب دئیے جائیں گے ۔ جن میں قابل ذکر میڈیسن ، انجینئرنگ ، پوسٹ گریجویشن ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، ایم ایس سی ، گریجویشن ، بی اے ، بی کام ، بی ایس سی ، بی ایڈ ، انٹر و ایس ایس سی ، عالم ، حافظ و فاضل کے علاوہ عقد ثانی اور تاخیر سے شادی ، معذورین کے لیے سینکڑوں رشتے دستیاب رہیں گے ۔ والدین رجسٹریشن کروانے کے بعد اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اس لیے رجسٹریشن کے لیے رجسٹریشن فیس 250 روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ رجسٹریشن کے وقت ہی لڑکا اور لڑکی کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا دینا ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ والدین سے بات چیت کے لیے ان کے ہاتھوں میں مزید بائیو ڈاٹاس و فوٹوز کی کاپیز ہونا بے حد ضروری ہے تاکہ اس کی مدد سے بات چیت کی جاسکے ۔ والدین اس دوبدو پروگرام میں آنے سے قبل اپنے ساتھ ماسک کا استعمال کریں اور سنیٹائیزر رکھیں ۔ پروگرام میں کمپیوٹر سیکشن رہے گا جس کی مدد سے لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین کو رشتوں کے انتخاب فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کمپیوٹر کی مدد سے بتایا جائے گا ۔ دوبدو پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت مہیا رہے گی ۔ واضح رہے کہ اس انوکھے دوبدو ملاقات پروگرام نے آغاز سے لے کر آج تک ایک تاریخ کو رقم کیا ہے اور عملی طور پر بتا دیا کہ شادی کو کس طرح آسان و سہل انداز سے کیا بھی جاسکتا ہے ۔ سیاست اور ملت فنڈ کے تعاون و اشتراک سے ہونے والا یہ دوبدو ملاقات پروگرام والدین کی بے چینی و بے تابی کو دور کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے انتخاب میں بھر پور تعاون کررہا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی اور خالصتاً یہ پروگرام خدمت خلق کی بنیادوں پر 108 ویں منزلیں طئے کرتے ہوئے رواں دواں ہے ۔ مزید تفصیلات جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام سے فون نمبرات 9848004353 ۔ 9391160364 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔