حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سیاست کے سینئیر رپورٹر محمد نعیم وجاہت کو تلنگانہ مقننہ کی میڈیا اڈوائزری کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں معتمد ریاستی مقننہ کی جانب سے ایک صحافتی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدر نشین اور ریاستی قانون ساز اسمبلی کے عزت مآب اسپیکر نے میڈیا اڈوائزری کمیٹی آف تلنگانہ لیجسلیچر تشکیل دی ہے جس میں صدر نشین و نائب صدر کمیٹی کے بشمول 15 ارکان کو شامل کیا گیا ۔ اس کمیٹی کی میعاد دو سال ہوگی ۔ صحافتی اعلامیہ کے مطابق دی نیو انڈین ایکسپریس کے پالٹیکل ایڈیٹر مسٹر ایریڈی سرینواس ریڈی کو چیرمین ، مسٹر پی پری پورنا چاری کو شریک چیرمین مقرر کیا گیا ہے جب کہ 13 ارکان میں محمد نعیم وجاہت کے ساتھ ساتھ مسٹر اے رنگاراؤ ، مسٹر بی پورنا چندر راؤ ، مسٹر ایل وینکٹ رام ریڈی ، مسٹر پی انجنیلو ، مسٹر ایم پون کمار ، مسٹر بھیمنا پلی اشوک ، مسٹر بی انجینلو گوڑ ، شریمتی سریکھا الوری ، مسٹر بی باسوا پنیا ، مسٹر پرمود کمار چترویدی ، مسٹر سنجیو اشوک اور مسٹر بی ایچ ایم کے گاندھی شامل ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ مسٹر محمد نعیم وجاہت اس کمیٹی میں شامل کئے گئے اردو ذرائع ابلاغ کے واحد صحافی ہیں وہ ایچ یو جے کے نائب صدر بھی ہیں ۔ انہیں ریاستی قانون ساز اسمبلی و کونسل کی میڈیا اڈوائزری کمیٹی کا رکن مقرر کیے جانے پر بطور خاص اردو صحافیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔۔