نماز میں تمام امراض کا علاج
حیدرآباد۔ ( سیاست نیوز) تندرسی ہزار نعمت ہے، یہ صرف ایک محاورہ ہی نہیں بلکہ ایک نصیحت بھی ہے جسے اختیار کرتے ہوئے ہم اور آپ خود کو صحت مند رکھ سکتے ہیں،تب کہیں جاکر آپ کو کسی دوا کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار ’سیاست‘ کے عابد علی خاں آڈیٹوریم میں منعقدہ جسمانی ورزش کی کلاس کے شرکاء سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر احسان فاروقی صدر شعبہ یونانی نظامیہ اسپتال اور جسمانی ورزش کے ماہر جناب محمد ابراہیم جیلانی نے کیا۔ اس کلاس میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نے صدارت کی۔ اس موقع پر منیجر روز نامہ ’سیاست‘ جناب شجاعت علی نے بطور خاص شرکت کی۔ جناب محمد ابراہیم جیلانی اور ان کی اہلیہ محترمہ فہمیدہ بیگم نے بالترتیب مرد حضرات اور خواتین کو شوگر، جوڑوں کے درد، گھٹنوں کے درد ، امراض جگر و گردہ وغیرہ میں افاقہ کیلئے کی جانے والی مختلف کسرت کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا۔