یکم ستمبر سے کوپنس کی اشاعت ، ہر ماہ کی 15 تاریخ کو قرعہ اندازی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے نبی کریم ﷺ کے صدقہ و طفیل روزنامہ سیاست اپنی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ سیاست نے اپنے قیام 75 سال اسے وقت مکمل کیے جب کہ ہمارے وطن عزیز نے بھی اپنی آزادی کے 75 سال کی تکمیل کرلی ہے ۔ اسی طرح اردو صحافت نے بھی اپنے تاریخی سفر کے 200 سال مکمل کیے ہیں جب کہ حیدرآباد کی پہچان یعنی چارمینار بھی 444 برس کا ہوچکا ہے ۔ ایسے میں روزنامہ سیاست کے انتظامیہ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ انعامی رقم اسکیم کا احیا کیا جائے چنانچہ اس اسکیم پر یکم ستمبر 2022 سے عمل آوری ہوگی اور قارئین ہر روز سیاست میں شائع کوپن جمع کر کے ماہانہ قرعہ اندازی میں ان کوپنس کے ذریعہ اپنے نام شامل کرواسکتے ہیں ۔ قارئین کی سہولت کی خاطر ہر ماہ 30 کوپنس اخبار کے صفحہ اول پر شائع کئے جائیں گے اور ہر ماہ کی 15 تاریخ کو قرعہ اندازی ہوگی ، ہر ماہ کی دس تاریخ تک قارئین اپنے کوپنس دفتر سیاست میں رکھے جانے والے ڈراپ باکس میں ڈال سکتے ہیں ۔ قرعہ اندازی کے پہلے خوش نصیب کو 5000 روپئے ، دوسرے خوش نصیب کو 3000 روپئے ، تیسرے خوش نصیب کو 2000 روپئے اور ماباقی 72 قارئین کو فی کس ایک ہزار روپئے بطور انعام پیش کئے جائیں گے ۔ اس طرح ہر ماہ 75 قارئین کو فائدہ ہوگا ۔۔