پہلے مرحلہ میںسیاست میڈیا اکیڈیمی کا قیام ، چینائی میں میڈیاادارو ں کے سربراہان سے جناب عامر علی خان کا تبادلہ خیال
حیدرآباد : 4ستمبر ( سیاست نیوز) نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان نے ملت میں تعلیمی و معاشی انقلاب برپا کرنے کئی ایک پروگرامس اور پراجکٹس شروع کئے ہیں جن میں سے ایک سیاست ہب فاؤنڈیشن بھی ہے جس کے ذریعہ اختراعی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں اور مرد و خواتین کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جارہی ہے بلکہ مختلف شعبوں میں داخل ہوکر اپنی منفرد پہچان بنانے ان کی رہنمائی بھی کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی بیروزگار نوجوانوں کو ملک و بیرون ملک ملازمتوں کی فراہمی میں مدد بھی کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب جناب عامر علی خان کی قیادت میں سیاست ہب فاؤنڈیشن نے تاریخی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ہندوستان کا پہلا میڈیا ایکوبیٹر قائم کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا ، اس پہلا کا مقصد صحافت ، صحافتی مواد کی تخلیق اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں نوجوان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے تاکہ وہ میڈیا جیسے اہم ترین شعبہ میں ملک و ملت کا سرمایہ بن سکیں جبکہ نئے دور کے نئے میڈیا اسٹارٹ اپس اور تخلیق کاروں کی ہر لحاظ سے مدد کرنا بھی اس پہل کا مقصد ہے ۔ ان ہی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان ملک بھر کے سرفہرست صحافتی اداروں کے دورے کررہے ہیں ، تاکہ صحافت کے بہترین طریقہ کار کا مطالعہ کیا جاسکے اور یہ دیکھا جاسکے کہ ملک و ملت کو میڈیا کے ذریعہ کیسے فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے ۔ جمعرات کو انہوں نے چینائی میں مسٹر سیس کمار شیرمین ایشین کالج آف جرنلزم اور مسٹر اے ایس پنیرسلوم ڈائرکٹر جنرل چینائی انسٹی ٹیوٹ آف جرنلزم سے ملاقات کر کے باہمی تعاون و اشتراک کے مواقع جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ۔ واضح رہے کہ یہ پراجکٹ دو مرحلوں میں فروغ دیا جائے گا ۔ پہلے مرحلہ میں میڈیا اکیڈیمی اور دوسرے مرحلہ میں میڈیا ایکیوبیشن سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ پہلے مرحلہ کے تحت سیاست میڈیا اکیڈیمی قائم کی جائے گی جس کے تحت ڈیجیٹل جرنلزم ، ویڈیو پروڈکشن ، صحافتی مواد کی تخلیق ، ڈیزائن ، پوڈکاسٹنگ ، پبلک ریلیشن اور فری لانسنگ کے مختصر مدتی کورسیس فراہم کئے جائیں گے ۔ جناب عامر علی خان کے مطابق عملی تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی اور امیدواروں کو ہندوستان کے مشہور و معروف میڈیا گھرانوں ، او ٹی ٹیپلیٹ فارمس ، یو ٹیوب کریٹرس اور پی آر فرمس میں یہ تربیت دلائی جائے گی۔ امیدواروں یا طلبہ کو سیاست کے وسیع تر میڈیا نٹ ورک سے مستفید ہوتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور اجاگر کرنے کا موقع ملے گا ۔ کامیاب امیدواروں کو باضابطہ سرٹیفیکٹس دیئے جائیں گے ۔ بحیثیت فری لانس ، یوٹیوب چیانلس یا پوڈ کاسٹ میں اپنا کریئر شروع کرنے انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا اور رہنمائی کی جائے گی ۔ دوسرے مرحلہ کے تحت سیاست میڈیا اکیڈیمی قائم ہونے کے اندرون 6 تا 12 ماہ سیاست ہب فاؤنڈیشن اکیڈیمی میں توسیع کرکیہوئے میڈیا ایکیوبیشن سنٹر قائم کیا جائے گا اور یہ سنٹر باصلاحیت امیدواروں کا انتخاب کرے گا اور انہیں ٭ اسٹارٹ اپس اور کریئرس کیلئے مل جل کر مشترکہ طور پر کام کرنے کا مقام فراہم کرے گا ٭ پروڈکشن کیلئے اسٹوڈیو اور آلات تک رسائی دی جائے گی ٭ میڈیا اور میڈیا کی صنعت سے جڑے ماہرین کی شکل میں Business Mentorship فراہم کی جائے گی ٭ سی ایس آر سپورٹ اور گرانٹس کے ذریعہ Seed Funchingکی جائے گی ۔ ٭ یوٹیوب چیانلوں پوڈ کاسٹ ، نیوز پورٹلس اور تخلیقی ایجنسیوں کے فروغ میں Launchpad Assistance یا آغاز کیلئے تعاون کیا جائے گا ۔ اس پہل پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب عامر علی خان نے بتایا کہ اس کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو بااختیار بنانا اختراعات کو فروغ دینا ہے بلکہ میڈیا انٹرپرنیرس کی ایک نئی نسل کو تیار کرنا ہے ۔ امتحانی ایکیوبیشن پراجکٹس میں ہائیر لوکل یوٹیوب چیانلس ، اقلیتوں کی آواز پر مبنی پوڈ کاسٹ ، جرنلزم ، اسٹارپ اپس ، انیمیشن وینچرس اور میڈیا مارکیٹنگ ایجنسیاں شامل ہیں ۔ اس پہل میں صحافت میں سیاست کی وراثت عصری ڈیجیٹل مواقع کے ساتھ شامل ہے ۔ سیاست میڈیا اکیڈیمی موجودہ دور و حالات کے مطابق نوجوان صحافیوں کو تیار کرے گی اور سیاست میڈیا ایکیوبیشبن سنٹر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ نوجوان اپنی ان صلاحیتوں کو پائیدار میڈیا وینچرس میں تبدیل کریں ۔