روزگار کے خواہاں نوجوانان ملت کے لیے خوشخبری
ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی میری زندگی کا مقصد : عامر علی خاں
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ہنر بھی بہت ضروری ہے ۔ تعلیم اور ہنر جب ملتے ہیں تو ہماری نوجوان نسل اچھی سے اچھی ملازمتیں اور پرکشش تنخواہیں حاصل کرسکتے ہیں یا پھر اپنا ذاتی کاروبار شروع کر کے اپنی اور اپنے خاندان و معاشرہ کی خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔ فرزندان و دختران ملت کو تعلیمی اور معاشی شعبوں میں مضبوط و مستحکم کرنا میری زندگی کا اولین مقصد ہے ۔ کیوں کہ میرا ماننا ہے کہ تعلیمی اور معاشی استحکام ہمیں دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ کھڑا کرتا ہے ۔ ان زرین خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے سیاست ۔ ہب فاونڈیشن کی ایک اور پہل جاب پلیسمنٹ سیل کا افتتاح انجام دینے کے بعد کیا ۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ قومی و ہمہ قومی ( ملٹی نیشنل کمپنیوں ) میں ملازمتوں کے خواہاں لڑکے لڑکیاں دفتر روزنامہ سیاست کے احاطہ میں واقع جاب پلیسمنٹ سیل سے رجوع ہو کر مفت میں اپنے ناموں کا اندراج کرواسکتے ہیں ۔ جہاں انہیں ان کی قابلیت کے لحاظ سے ملازمتوں کے حصول میں مدد اور رہنمائی کی جائے گی ۔ اس ضمن میں سیاست ۔ ہب فاونڈیشن مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مدعو کررہا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ان کمپنیوں میں لڑکیوں کے لیے گھروں سے کام کرنے کی ( آن لائن ، ورک فرم ہوم ) سہولت حاصل ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے یہ بھی کہا کہ وہ روزنامہ سیاست ، سیاست ٹی وی اور سیاست ہب فاونڈیشن ، سیاست ہیلپ ڈیسک اور اس کی نئی پہلی جاب پلیسمنٹ سیل کے ذریعہ ملت میں تعلیمی اور معاشی انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں اور سیاست جو بھی خدمات فراہم کرتا ہے وہ مفت ہوتی ہیں ۔ جاب پلیسمنٹ سیل کے افتتاح کے موقع پر جناب فخر الدین علی خاں سی او او سیاست ٹی وی ، ڈائرکٹر سیاست فاونڈیشن ، میر مجاہد علی اکسپرٹ ٹرینر ، جناب طارق احمد آئی ٹی اکسپرٹ ، محمد اسلم حسین آئی ٹی اکسپرٹ ، مسٹر اسنیہپت ، مس سائی شری منیجرس ایس ہب ، ثنا خاتون انچارج جاب پلیسمنٹ سیل ، سید خالد محی الدین اسد سیاست ہیلپ ڈیسک و دیگر موجود تھے ۔ جناب عامر علی خاں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ حصول تجربہ کو زیادہ اہمیت دیں ۔۔