سیاست ۔ ہب کے منی جاب میلہ کا کامیاب انعقاد،51 نوجوانوں کو ملازمتیں مل گئیں

   

ترقی کے لیے سخت محنت کرنے جناب عامر علی خاں کا مشورہ‘ تعلیمی اور معاشی ترقی سے ہر مسئلہ کا حل ممکن ، محنت و جدوجہد سے شخصیت کو پرکشش بنانا ضروری
حیدرآباد 9 اگست ( سیاست نیوز ) حیدرآباد فرخندہ بنیاد اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں ایسے ہزاروں نوجوان لڑکے لڑکیاں ہیں جو غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ہیں ۔ تعلیم یافتہ بھی ہیں اور مختلف فنون کے ماہر بھی ہیں ۔ لیکن ایسے فرزندان ملت و دختران ملت کی بہتر رہنمائی کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ انہیں یہ بتانے والا کوئی نہیں کہ آپ کیلئے ملازمتوں کے بے شمار مواقع ہیں ۔ ان مواقع سے آپ کو استفادہ کرنا چاہئے لیکن قدرت نے ملت کو نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی شکل میں ایک ایسا ہمدرد دیا جن کی سوچ و فکر کا محور ملت اور ملت کے طلباء وطالبات ، تعلیم یافتہ فرزندان و دختران ملت ہوتے ہیں ۔ چنانچہ رکن قانون ساز کونسل بنائے جانے کے بعد انہوں نے ببانگ دہل اعلان کیا کہ ان کی زندگی کا مقصد اور نصب العین ملت کی معاشی ترقی کو یقینی بنانا اور نوجوانان ملت کو تعلیمی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کر رکھا کہ بحیثیت ایم ایل سی اپنی میعاد میں وہ کم از کم ایک لاکھ مسلم خاندانوں کو لکھ پتی بناکر ہی دم لیں گے ۔ چنانچہ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے ان ہی پاک مقاصد کو یقینی بنانے سیاست ۔ ہب فاونڈیشن شروع کی اور اس فاونڈیشن نے بیروزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ملک و بیرون ملک روزگار کے مواقع سے استفادہ کروانا شروع کیا ۔ اس ضمن میں جہاں ٹام کام جیسے تلنگانہ کے سرکاری ادارہ سے معاہدہ کیا گیا بلکہ امیزان ، فلپ کارٹ ، سوئیگی انسٹا مارٹ کائٹیک ، معاذ اینڈ پرائزس ، ٹیم لیز اور زیپٹو کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ جس کام میں ارادے نیک اور نیت اچھی ہو تو اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت عطا کرتے ہیں چنانچہ دفتر سیاست کے آڈیٹوریم میں آج جناب عامر علی خاں کی قیادت اور نگرانی میں ایک منی جاب میلہ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں مذکورہ 7 کمپنیوں نے حصہ لیا ۔ ان کمپنیوں کی مختلف مخلوعہ جائیدادوں کیلئے جملہ 407 امیدواروں نے نام درج کروائے تھے جب کہ 262 امیدواروں نے شرکت کی ۔ خوشی کی بات یہ رہی کہ چند گھنٹوں میں ان 7 کمپنیوں نے 51 لڑکے لڑکیوں کو آفر لیٹرس اور کاغذات تقررات پیش کئے جبکہ دوسرے 18 امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔ ان امیدواروں کو جناب عامر علی خاں کے ہاتھوں ڈیٹا انٹری ، ایچ آر ، سپروائزر ، وائس پروسیس ( کسٹمر کیر ) ، پکر اینڈ پیاکرس ( ویر ہاوز ) ملازمتوں کے کاغذات تقررات اور آفر لیٹرس پیش کئے گئے ۔ آپ کو یہ جان کر مسرت ہوگی کہ ملازمتوں کیلئے منتخب امیدواروں میں ایسے امیدوار شامل ہیں جنہیں سالانہ 6.2 لاکھ روپئے تنخواہ کا پرکشش پیاکیج دیا گیا ۔ جب کہ ایسے بھی امیدوار تھے جنہیں 16 ہزار روپئے تا 18 ہزار روپئے ماہانہ تنخواہ کی پیشکش کی گئی ۔ امیدواروں میں ایس ایس سی پاس ؍ فیل ، انٹر میڈیٹ ، گریجویٹس اور ایم بی اے اور انجینئرنگ ڈگری رکھنے والے بھی شامل ھے ۔ اس موقع پر اپنے فکر انگیز خطاب میں جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت کریں جدوجہد کریں اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں ۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شعبہ میں کامیابی کے لیے شخصیت کا پرکشش ہونا ، وقت کی پابندی ( ٹائم مینجمنٹ ) اور صبر ان تین خوبیوں کا ہونا ضروری ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پنچووقتہ نمازوں کا تحفہ حضور اکرم ﷺ کے ذریعہ عطا کیا ۔ وہ بھی ( نمازیں ) ہمیں وقت کی پابندی کا سبق دیتی ہیں ۔ آپ لوگ محنت کیجئے سمجھئے کہ یہ آغاز ہے ۔ ویسے بھی ایک مقولہ مشہورہے گھوڑے کو تالاب تک لے جاسکتے ہیں پانی نہیں پلاسکتے بلکہ وہ خود پانی پینے لگتا ہے ۔ ایسے ہی ہم نے آپ کیلئے منی جاب میلہ کا اہتمام کیا ۔ (باقی سلسلہ صفحہ 12 پر )