سیاسی، مذہبی اور تفریحی سرگرمیوں کیلئے 200 افراد کی گنجائش

   

کھلے میدانوں میں ضلع حکام کو تعداد میں اضافہ کا اختیار، جی او کی اجرائی

حیدرآباد۔ حکومت نے سماجی ، تعلیمی، اسپورٹس، تفریحی، تہذیبی، مذہبی اور سیاسی تقاریب کے سلسلہ میں کورونا قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے بند مقامات پر 200 افراد اور کھلے مقامات پر متعلقہ ضلع حکام کی اجازت سے 200 سے زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں جی او ایم ایس 156 جاری کیا ہے۔ جی او کے تحت حکومت نے سابق میں جاری کئے گئے احکامات میں ترمیم کی ہے۔ بند مقامات جیسے تھیٹرس، آڈیٹوریمس اور ہالس میں 200 افراد کے پروگرام کی اجازت رہے گی۔ کنٹینمنٹ زونس کے باہر یہ اجازت رہے گی۔ اس موقع پر ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ کی برقراری، تھرمل اسکیاننگ اور ہینڈ سنیٹائزر کا استعمال لازمی رہے گا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ بند مقامات پر ہال کی گنجائش کے اعتبار سے 50 فیصد کو اجازت دی جائے گی اور 200 افراد کی حد مقرر کی گئی ہے۔ کھلے مقامات پر گراؤنڈ اور میدان کی گنجائش کے اعتبار سے سماجی فاصلہ، ماسک کا استعمال، تھرمل اسکیاننگ اور ہینڈ سینٹائزر کے استعمال کے ساتھ زائد افراد کی اجازت کا اختیار ضلع کلکٹر، کمشنر پولیس، سپرنٹنڈنٹ پولیس یا مجالس مقامی کو دیا گیا ہے۔