سیاسی انحراف کے اصل بانی کے سی آر ہیں : مہیش کمار گوڑ

   

نظام آباد۔21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مسٹر مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ پارٹی بدلنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف بی آر ایس قائدین کے بیانات ایسے ہیں جیسے بھوت پریت کی کہانیاں سنائی جارہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انحرافات کے اصل بانی کے سی آر ہیں لہٰذا بی آر ایس کو اس معاملہ پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔ نظام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر کی جانب سے جاری کردہ نوٹسوں کا ارکان اسمبلی نے جواب دے دیا ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ ریاست میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ البتہ اگر انتخابات منعقد بھی ہوئے تو کانگریس پوری طرح تیار ہے۔مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کو ریزرویشن دینے کے حق میں پرعزم ہے۔ 42 فیصد بی سی ریزرویشن کے نفاذ کے لئے تین مرتبہ آرڈیننس لایا گیا مگر مرکزی حکومت کی جانب سے اس قانون کو روکی ہوئی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے پر الزام لگایا کہ وہ بی سی بل کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ پی سی سی چیف نے کہا کہ بی سی ریزرویشن کے عمل درآمد کے لئے ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ مزید کہا کہ بی سی طبقات کو قانونی جواز فراہم کرنے کے بعد ہی مقامی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ دسہرہ کے بعد کاماریڈی میں ایک لاکھ افراد پر مشتمل عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جمہوری نظام میں کوئی بھی جماعت اقتدار میں رہے تو کانگریس پارٹی ہمیشہ اس کا خیرمقدم کرے گی۔